کراچی میں کارکنان کے ماورائے عدالت قتل کے خلاف اور لاپتہ کارکنان کی بازیابی کیلئے متحدہ قومی موومنٹ کا پشاور پریس کلب پر امن مظاہرہ
ظلم و بربریت کے باوجود جناب الطاف حسین نے کارکنان کو پر امن رہنے اور صبر کی تلقین کی ہے، اسلم آفریدی
ایم کیوایم کے ماورائے عدالت قتل میں ملوث اہلکاروں کو قانون کی گرفت میں لیاجائے، اسلم آفریدی رکن رابطہ کمیٹی ایم کیوایم
45لاپتہ کارکنان کو فی الفور بازیاب وگرفتار کارکنان کو رہا کیاجائے، اسلم آفریدی کا مظاہرے کے شرکاء سے خطاب
کراچی ۔۔۔19، فروری 2014ء
متحدہ قومی موومنٹ پشاور کے زیراہتمام کراچی میں ماورائے عدالت قتل کے خلاف اور ایم کیوایم کے گرفتاریوں کے بعد لاپتہ کارکنان کی بازیابی کیلئے پشاور پریس کلب پرامن مظاہرہ کیا گیا ۔ مظاہرہ میں ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے رکن اسلم آفریدی ، خیبر پختونخوا ، کشمیر ، گلگت بلستان کمیٹی کے ارکان ، اپر پنجاب کمیٹی کے اراکین ، ایم کیوایم پشاور زون کے ذمہ داران و کارکنان اور سو ل سوسائٹی سمیت دیگر افراد نے شرکت کی ۔ احتجاجی مظاہرے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے رکن اسلم آفریدی نے کہاکہ ایم کیوایم پرامن اور جمہوریت پسند جماعت ہے اور قائد تحریک جناب الطاف حسین نے ہمیشہ کارکنان اور عوام کو صبر وتحمل ، برداشت اور پرامن رہتے ہوئے تنظیمی کام کو جاری رکھنے کی تلقین کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک اس وقت انتہائی نازک دور سے گزر رہا ہے اور اندرونی و بیرونی سازشوں کا شکار ہے جبکہ سفاک دہشت گرد ملک کے سیکورٹی اداروں اور عوام کو بیدردی سے قتل کررہے ہیں اور اہم تنصیبات کو نقصان پہنچا رہے ہیں اسی طرح کراچی میں بھی دہشت گردی کا بازار گرم ہے ، سفاک دہشت گردوں نے کاروائیوں کے بعد ذمہ داریاں بھی قبول کیں ہیں ، کراچی میں گینگ وار کے دہشت گرد بھی بھتہ خوری اور قتل و غارتگری سمیت سنگین جرائم میں ملوث ہیں اور انہیں سرکاری سرپرستی حاصل ہے ۔ انہوں نے کہاکہ کراچی میں ٹارگٹڈ آپریشن دہشت گردوں کے خلاف شروع کیا گیا لیکن اس کا رخ ایک مرتبہ پھر ایم کیوایم کی جانب موڑ دیا گیا ، ایم کیوایم کے 10سے زائد کارکنان کو چند مہینوں میں گرفتار کرکے ماورائے عدالت قتل کیا گیا اور 45سے زائد کارکنان اب بھی لاپتہ ہیں اور اس ظلم وبربریت کے باوجود ایم کیوایم نے صبر کا دامن ہاتھ سے نہیں چھوڑا اور جناب الطاف حسین ذمہ داران و کارکنان کو صبر کی تلقین ہی کررہے ہیں ۔اسلم آفریدی نے صدر مملکت ممنون حسین ، وزیراعظم نواز شریف اور وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان سے مطالبہ کیا کہ کراچی میں ایم کیوایم کے کارکنان کے ماورائے عدالت قتل میں ملوث سرکاری اہلکاروں کو قانون کی گرفت میں لیاجائے ، ان واقعات کی تحقیقات کرائی جائے اور ایم کیوایم کے گر فتاریوں کے بعد لاپتہ 45کارکنان کی بحفاظت بازیابی کیلئے ٹھوس اقدامات کئے جائیں ۔