ڈاکٹر جاوید قاضی کی شہادت تعلیمی حلقوں کیلئے ناقابل تلافی نقصان ہے،اے پی ایم ایس او
کراچی پولیس اساتذہ کو تحفظ فراہم کرنے میں ناکام ہوگئی ہے
وزیر اعلیٰ سندھ، گورنر اور قانون نافذ کرنے والے ادارے اساتذہ کا تحفظ یقینی بنائیں، اے پی ایم ایس او کا مطالبہ
کراچی ۔۔۔ 17؍ فروری 2014ء
آل پاکستان متحدہ اسٹوڈینٹس آرگنائزیشن کی مرکزی کابینہ کے اراکین نے کراچی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کا لج میں میڈیسن ڈپارٹمنٹ کے ڈین ڈاکٹر جاوید قاضی کے قتل کو انتہائی افسوس ناک اور قابل مذمت قرار دیا ہے ۔ایک بیان میں مرکزی کابینہ کا کہنا تھا کہ ان کا قتل شہر میں امن و امان کی صورتحال کو مزید خراب کرنے کی کوشش ہے، دن دہاڑے دہشتگردوں کی سفاکانہ کار روائی نے ثابت کردیا ہے کہ کراچی پولیس عام شہریوں کے ساتھ ساتھ اب اساتذہ کرام کو تحفظ فراہم کرنے میں بھی ناکام ہوگئی ہے پروفیسر جاوید قاضی قوم کا سرمایہ تھے،انکی شہادت تعلیمی حلقوں کیلئے ناقابل تلافی نقصان ہے۔ انھوں نے کہا کہ شہریوں کو تحفظ فراہم کرنا حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے جس میں وہ بے بس نظر آتی ہے۔ انھوں نے وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ، گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ذمہ داران سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ کار روائی میں ملوث درندہ صفت عناصر کے خلاف کا ر روائی کر کے اساتذہ کرام کے تحفظ کو یقینی بنائیں۔ قبل ازیں انھوں نے دعا کی کے اللہ رب العزت مرحوم کو جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے ۔