قائد ایم کیوایم الطاف حسین اور آصف علی زرداری کے درمیان ٹیلی فون پر رابطہ
ایم کیوایم کے کارکنان کے ساتھ رینجرز اور پولیس اہلکاروں کے غیر انسانی طرز عمل پر بات چیت
ایم کیوایم کے بے گناہ کارکنان کے گھروں پر غیرقانونی چھاپے مارے جارہے ہیں، الطاف حسین
سرکاری اہلکار گرفتار شدگان سے ایم کیوایم شعبہ خواتین کی کارکنان کے نام پتہ معلوم کررہے ہیں، الطاف حسین
وزیر اعلیٰ غیر قانونی اور غیر انسانی فعل میں ملوث سرکاری اہلکاروں کے خلاف کارروائی کریں، آصف زرداری
لندن۔۔۔11، فروری 2014ء
متحدہ قومی موومنٹ کے قائد جناب الطاف حسین اورسابق صدرپاکستان اور پیپلزپارٹی کے کوچیئرپرسن آصف علی زرداری کے درمیان ٹیلی فون پر رابطہ ہوا۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان سندھ میں امن وامان کی صورتحال ایم کیوایم کے کارکنان کے ساتھ رینجرز اورپولیس اہلکاروں کے غیر انسانی طرزعمل اور دیگر امور پر بات چیت ہوئی۔ جناب الطاف حسین نے آصف علی زرداری کو ا یم کیوایم کے کارکنان کے ماورائے عدالت قتل ، کراچی میں کارکنان وہمدردوں کی غیرقانونی گرفتاریوں، حراست کے دوران ان پر انسانیت سوز تشددکے واقعات کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔جناب الطاف حسین نے مزید کہا کہ ایم کیوایم کے تین سیکٹرممبرز سمیت 45 کارکنان گرفتاری کے بعد سے آج کے دن تک لاپتہ ہیں ۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کی جانب سے نہ صرف ایم کیوایم کے کارکنوں کے گھروں پر غیرقانونی چھاپے مارکر بزرگوں اور نوجوانوں کو گرفتارکیا جارہا ہے بلکہ گرفتارشدگان سے ایم کیوایم شعبہ خواتین کی کارکنان کے نام پتہ کی تفصیلات بھی معلوم کی جارہی ہیں جوکہ انتہائی تشویشناک ہیں۔
آصف علی زرداری نے جناب الطاف حسین سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ وہ پولیس کے طرزعمل پر معذرت خواہ ہیں اور وزیراعلیٰ سندھ کو تاکید کریں گے کہ غیرقانونی اورغیرانسانی فعل میں ملوث سرکاری اہلکاروں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے ۔ انہوں نے کہاکہ سندھ میں رہنے والے سب سندھی ہیں اور سب کو مل جل کرسندھ دھرتی کی ترقی وخوشحالی کیلئے جدوجہد کرنی چاہیے۔