پشاور کے سینما میں پے در پے تین بم دھماکوں پر الطاف حسین کا اظہار مذمت
درندہ صفت دہشت گرد کسی قسم کی رعایت کے مستحق نہیں ہیں اور انسانیت کے نام پر دھبہ ہیں، الطاف حسین
بم دھماکوں میں شہید افراد کے سوگوار لواحقین سے دلی تعزیت و ہمدردی کا اظہار اور زخمیوں کی جلد و مکمل صحت یابی کیلئے الطاف حسین کی دعا
لندن۔۔۔11، فروری 2014ء
متحدہ قومی موومنٹ کے قائد جناب الطاف حسین نے پشاور کے شمع سینما میں پے درپے تین بم دھماکوں کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے اور بم دھماکوں کے نتیجے میں متعدد افراد کے شہید اور زخمی ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کااظہا رکیا ہے ۔ ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ سینما میں بم دھماکوں میں ملوث درندہ صفت دہشت گرد کسی قسم کی رعایت کے مستحق نہیں ہیں اور انسانیت کے نام پر دھبہ ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ بم دھماکوں اور دہشت گردی کے ذریعے معصوم و بے گناہ انسانوں کو خاک و خون میں نہلانے والے سفاک دہشت گرد ملک کی سا لمیت کے درپے ہیں اور اسے عدم استحکام سے دوچار کرنا چاہتے ہیں جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے ۔انہوں نے بم دھماکے میں شہید افراد کے سوگوار لواحقین سے دلی تعزیت وہمدردی کااظہار کیا اور زخمیوں کی جلد و مکمل صحت یابی کیلئے دعا کی ۔ جناب الطاف حسین نے صدر مملکت ممنون حسین ، وزیر اعظم نواز شریف ، وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثارعلی خا ن اور خیبرپختونخواہ کی حکومت سے مطالبہ کیا کہ پشاور میں تسلسل کے ساتھ دہشت گردی کے واقعات کا سلسلہ فی الفور بندکرایاجائے ، عوام کی جان و مال کو تحفظ فراہم کیاجائے اور دہشت گردی اور بم دھماکوں میں ملوث درندہ صفت دہشت گردوں کی گرفتاری اور انہیں قرار واقعی سزا دینے کیلئے ٹھوس اور مثبت اقدامات بروئے کار لائے جائیں۔