کراچی کے مختلف علاقوں میں بم دھماکہ اور دستی بموں سے حملوں پر ایم کیوایم رابطہ کمیٹی کااظہار مذمت
دستی بموں سے حملے شہر میں روزمرہ کا معمول بن چکے ہیں ، رابطہ کمیٹی ایم کیوایم
کراچی میں ٹارگٹڈ آپریشن کے باوجود دہشت گرد کھلے عام دستی بموں سے حملے کررہے ہیں، رابطہ کمیٹی ایم کیوایم
شہر میں دہشت گرد قانون کی گرفت سے نہ صرف محفوظ ہیں بلکہ اپنی مذموم ، سماج دشمن اور دہشت گرد سرگرمیوں میں مصروف ہیں
ٹارگٹڈ آپریشن کی سمت کو درست کرکے شہر کراچی میں دہشت گردوں اور ان کا راج فی الفور ختم کرایاجائے، رابطہ کمیٹی ایم کیوایم
کراچی ۔۔۔31، جنوری 2014ء
متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے کراچی میں پیر آباد کے علاقے میں بم دھماکہ ، سہراب گوٹھ کے علاقے میں پولیس موبائل اور میڑو ول سائٹ میں ایک گاڑی پر دہشت گردوں کے دستی بموں سے حملے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے اور دہشت گردی کے ان واقعات کو شہر کا امن سبوتاژ کرکے ملک کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کی گھناؤنی سازشوں کا تسلسل قرار دیا ہے ۔ ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہاکہ کراچی میں ٹارگٹڈ آپریشن کے باوجود دہشت گرد کھلے عام دستی بموں سے حملے کررہے ہیں اور دستی بموں سے حملے شہر میں روزمرہ کا معمول بن چکے ہیں جس سے ہر ذی شعور شخص یہ اندازہ لگا سکتا ہے کہ دہشت گرد قانون کی گرفت سے نہ صرف محفوظ ہیں بلکہ اپنی مذموم ، سماج دشمن اور دہشت گرد سرگرمیوں میں مصروف ہیں ۔ رابطہ کمیٹی نے کہاکہ شہر میں کے مختلف علاقوں میں ایک دن کئی میں بم دھماکہ اور دستی بموں سے حملے پرامن شہریوں کیلئے باعث تشویش اور شہر میں جاری ٹارگٹڈ آپریشن پر ایک سوالیہ نشان ہیں ۔ ؟ رابطہ کمیٹی نے بم دھماکہ اور دستی بم حملوں میں زخمی ہونے والے افراد سے دلی ہمدردی کااظہار کیا اور ان کی جلد ومکمل صحت یابی کیلئے دعا کی ۔ رابطہ کمیٹی نے وفاقی اور صوبائی حکومت سندھ سے مطالبہ کیا کہ کراچی میں بم دھماکہ اور دستی بموں کے مسلسل حملوں کا سنجیدگی سے نوٹس لیاجائے ، دہشت گردی اور اس میں ملوث سفاک دہشت گردوں کو عملی طور پر قانون کی گرفت میں لیاجائے ، ان کی کمین گاہوں کا خاتمہ کیاجائے اور ٹارگٹڈ آپریشن کی سمت کو درست کرکے شہر کراچی میں دہشت گردوں اور ان کا راج فی الفور ختم کرایاجائے ۔