جناب الطاف حسین پاکستان کو قائد اعظم محمد علی جناح ؒ کا پاکستان بنانا چاہتے ہیں
جہاں تمام مسالک اور مذاہب کے ماننے والوں کو برابر کے حقوق میسر ہوں
جناب الطاف حسین نے انفرادی مفادات کے بجائے اجتماعی مفادات کو ہمیشہ اہمیت دی ہے
ایم کیو ایم اقلیتی امور کے تحت خورشید بیگم سیکریٹریٹ عزیز آباد میں اجلاس سے اظہار خیال
کراچی۔۔۔28جنوری2014ء
متحدہ قومی موومنٹ شعبہ اقلیتی امور کے تحت خورشید بیگم سیکریٹریٹ عزیز آباد میں مختلف ٹاؤنز اور یوسیز کمیٹیوں کے ذمہ داران کا اجلاس منعقد کیا گیا ۔اس موقع پر ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کے ارکان سیف یار خان اور عبد الحسیب سمیت ایم کیو ایم شعبہ اقلیتی امور کے جوائنٹ انچارجز گردھاری لعل ،پطرس یوسف و اراکین بھی موجود تھے۔اجلاس کے شرکاء سے رابطہ کمیٹی کے ارکان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جناب الطاف حسین زمانہ طالبعلمی سے مظلوم و محروم طبقے کے عوام کی جس طرح بے لوث خدمت کررہے ہیں ایسی مثال تاریخ میں کہیں نہیں ملتی۔ایم کیو ایم پاکستان کی وہ واحد جماعت ہے جس نے بلا تفریق رنگ و نسل ، زبان ،فرقہ ومذہب ملک میں بسنے والے تمام عوام کو ایک پلیٹ فارم پر یکجا کیا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ گذشتہ 66برسوں سے اقتدار میں آنے والی ہر جماعت نے ملک میں بسنے والی اقلیتوں کو اپنے مقاصد کے لئے استعمال تو کیا مگر ان کے جائز حقوق کو تسلیم کرنے سے گریزاں رہے۔انہوں نے کہا کہ جناب الطاف حسین نے انفرادی مفادات کے بجائے اجتماعی مفادات کو ہمیشہ اہمیت دی یہی وجہ ہے کہ ملک بھر کے تمام مظلوم و محکوم انکی آواز پر لبیک کہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جناب الطاف حسین پاکستان کو قائد اعظم محمد علی جناح ؒ کا پاکستان بنانا چاہتے ہیں جہاں تمام مسالک اور مذاہب کے ماننے والوں کو برابر کے حقوق میسر ہوں۔ارکان رابطہ کمیٹی نے کہا کہ ایم کیو ایم کے نمائندوں نے اقلیتی برادری کا ایوانوں کے اندر بھی بھر پور ساتھ دیا ہے اور ایوانوں کے باہر بھی،یہی قائد تحریک کا درس ہے۔اجلاس کے شرکاء سے اقلیتی امور کے ذمہ داران نے بھی اظہار خیال کیا۔