لاہور میں کم عمر گھریلو ملازمہ فضا بتول کا بہیمانہ تشدد کے باعث انتقال کر جانے پر ایم کیوایم رابطہ کمیٹی کا اظہار تعزیت
فضا بتول کی تشدد سے ہلاکت کے افسوسناک واقعہ کی عدالتی تحقیقات کرائی جائے، رابطہ کمیٹی کا وزیر اعلیٰ پنجاب سے مطالبہ
عدالتی کارروائی کے بعد مجرموں کو سخت سے سخت ترین سزا دی جائے، رابطہ کمیٹی ایم کیوایم
کراچی ۔۔۔20، جنوری 2014ء
متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے لاہور میں تشدد سے شدید زخمی ہونے والی کم عمر گھریلو ملازمہ فضا ء بتول کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے اورمطالبہ کیا ہے کہ گھریلو ملازمہ پر بہیمانہ تشدد میں ملوث پروفیسر سمیت دیگر افراد کو قرار واقعی سزا دی جائے۔ ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے تشدد سے ہلاک ہونے والی گھریلو ملازمہ کے تمام سوگوار لواحقین سے دلی تعزیت وہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں صبر کی تلقین اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحومہ کے درجات بلند فرمائے اور سوگوار لواحیقن کو یہ صدمہ برداشت کرنے کا حوصلہ عطاکرے ۔ رابطہ کمیٹی نے وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف سے مطالبہ کیا کہ لاہور میں گھریلو ملازمہ فضا بتول کی تشدد سے ہلاکت کے افسوسناک واقعہ کی عدالتی تحقیقات کرائیں اور عدالتی کارروائی کے بعد مجرموں کو سخت سے سخت ترین سزا دی جائے۔