جنرل ہیڈ کوارٹر راولپنڈی کے گیٹ نمبر 5پر کئے جانے والے خود کش حملہ پر ایم کیوایم کے قائد الطاف حسین کا اظہار مذمت
ملک بھر کے عوام طالبان کے وحشیانہ حملوں کے خلاف تمام تر اختلافات ختم کرکے متحد ہوجائیں، الطاف حسین
خدارا !مذاکرات، تقاریر ، بحث و مباحثہ کرنے میں وقت کو ضائع کرنے سے بہتر ہے کہ جلد سے جلد مذاکرات کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ کیاجائے ورنہ روز روز کے دھماکوں سے عوام میں مایوسی ، بددلی پھیلے گی، الطاف حسین
ملک کو مزید جانی و مالی نقصان بلکہ دفاعی اداروں کے مورال کو تباہ و برباد ہونے سے بھی بچایا جائے، الطاف حسین
دھماکے میں شہید افراد کے لوحقین سے دلی تعزیت وہمدردی کااظہار اور زخمیوں کی جلد ومکمل صحت یابی کیلئے دعا
لندن۔۔۔20، جنوری 2014ء
متحدہ قومی موومنٹ کے قائدالطاف حسین نے آج علی الصبح جنرل ہیڈ کوارٹر راولپنڈی سے منسلک جی ایچ کیو کے گیٹ نمبر5 اور مصروف بازار آر اے بازار چوک پر کئے جانے والے خود کش حملہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اورملک بھر عوام سے ایک مرتبہ پھر اپیل کی ہے کہ وہ طالبان کے وحشیانہ حملوں کے خلاف خدارا تمام تر اختلافات ختم کرکے متحد ہوجائیں ۔ ایک بیان میں جناب الطاف حسین نے کہاکہ اب تک کی اطلاعات کے مطابق دھماکہ میں 4افراد شہید اور 10سے زائد زخمی ، متعددمکانات اور گاڑیوں کو شدید نقصان پہنچا ہے جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے ۔ جناب الطاف حسین نے سیاسی و عسکری قیادت سے مطالبہ کیا کہ خدارا مذاکرات، تقاریر ، بحث و مباحثہ کرنے اور وقت کو ضائع کرنے سے بہتر ہے کہ جلد سے جلد مذاکرات کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ کیاجائے ورنہ روز روز کے دھماکوں سے عوام میں مایوسی ، بددلی پھیلے گی بلکہ پولیس ، فوج اور دیگر قانون نافذ کرنے والوں میں خوف و ہراس بھی تیزی سے وقت گزرنے کے ساتھ پیدا ہوگا بلکہ اس میں اضافہ ہوگا ۔جناب الطاف حسین نے وفاقی حکومت ، وزیراعظم پاکستان نواز شریف، وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان سمیت تمام عسکری قیادت سے ایک مرتبہ پھر خدااوررسولؐ کا واسطہ دیکر اپیل کی ہے کہ اب طالبان سے مذاکرات کرنے ہیں یا قوم کو ساتھ لے کر ملک اور ملک کی سلامتی کیلئے کوئی موثر اور ٹھوس اقدام بنا کر اس پر عمل شروع کردینا چاہئے تاکہ ملک کو مزید جانی و مالی نقصان سے نہ صرف بچایاجاسکے بلکہ ملک اور دفاعی اداروں کے مورال (جذبے ) کو تباہ و برباد ہونے سے بھی بچایاجاسکے ۔ انہوں نے شہید ہونے والوں کے لواحقین سے دلی تعزیت و ہمدردی کااظہار کرتے ہوئے شہداء کے درجات کی بلند کیلئے ، زخمیوں کی صحت یابی کیلئے دعا کی اور سوگوار لواحقین اور اہل خانہ سے دلی تعزیت کااظہار کیا۔