مفتی عثمان کے ساتھیوں سمیت قتل پر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کی ٹیلی فون پر مولانا سمیع الحق سے اظہار تعزیت
بعض قوتیں کراچی کے حالات خراب کرنے کیلئے دہشت گردی کررہی ہیں اور معصوم و بے گناہ لوگوں کو نشانہ بنارہی ہیں
کراچی:۔۔17؍ جنوری 2014ء
متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے جمعیت علمائے اسلام (س)کے سربراہ مولانا سمیع الحق سے ٹیلی فون پر رابطہ کرکے کراچی میں مسلح دہشت گردوں کی فائرنگ سے جمعیت علمائے اسلام( س )کے رہنما مفتی عثمان یارخان اور ان کے دو ساتھیوں کے بہیمانہ قتل کی شدید مذمت کی اورانہیں قائد تحریک الطاف حسین کا خصوصی پیغام پہنچایا اور دلی تعزیت و ہمدردی کا اظہارکیا۔انہوں نے کہاکہ بعض قوتیں سازش کے تحت کراچی کے حالات خراب کرنے کیلئے دہشت گردی کررہی ہیں اور معصوم و بے گناہ شہریوں کونشانہ بناکرناحق خون بہارہی ہیں جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ عثمان یارخان کے قتل میں ملوث قاتل اللہ کے عذاب سے محفوظ نہیں رہ سکتے ۔اس موقع پرڈاکٹرخالدمقبول صدیقی نے دعاکی کہ اللہ تعالیٰ مقتولین کی مغفرت فرمائے اورتمام سوگواران کوصبر جمیل عطاکرے۔اس موقع پر مولاناسمیع الحق نے ڈاکٹرخالدمقبول صدیقی سے گفتگو میں دکھ اور افسوس کی گھڑی میں ساتھ دینے پر جناب الطاف حسین اورایم کیوایم کا شکریہ ادا کیا۔