پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف کی قیادت صوبوں میں افسوسناک واقعات پر چشم پوشی اختیار کرنے کا نوٹس لیں، اراکین رابطہ کمیٹی
سندھ اور خیبر پختونخواہ میں افسوسناک واقعات پر کسی وزیر نے افسوس کا اظہار کرنے کی زحمت تک گوارہ نہیں کی
سندھ کابینہ اور خیبر پختونخواہ کی کابینہ کو برطرف کرکے نئی کابینہ لائی جائے جس کے دل میں عوام کا دکھ درد ہو، کنور نوید جمیل، عامر خان اور عبد الحسیب کا مطالبہ
کراچی ۔۔۔17، جنوری2014ء
متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کے ارکان کنور نوید جمیل، عامر خان اورعبد الحسیب نے پیپلزپارٹی اورتحریک انصاف کی قیادت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ صوبے میں ہونیوالے افسوسناک واقعات پرچشم پوشی اختیارکرنے پراپنی اپنی صوبائی قیادت کوبرطرف کرکے نئی اور فعال قیادت سامنے لائیں۔ اپنے مشترکہ بیان میں انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کے وزراء نے دو روز گزرنے کے باوجود سانحہ نوابشاہ میں جاں بحق ہونیوالے بچوں کی نہ توتعزیت کی اورنہ ہی زخمیوں کی عیادت کی جوان کی بے حسی اور مجرمانہ فعل کامنہ بولتاثبوت ہے ۔انہوں نے کہاکہ ہونایہ چاہئے تھاکہ نوابشاہ جوکہ بے نظیرآبادکے نام سے بھی منسوب ہے وہاں کے غمزدہ خاندانوں کی دادرسی کیلئے نہ صرف پیپلزپارٹی کے وزراء بلکہ ان کے صوبائی قیادت بھی پیش پیش ہوناچائیے تھاتاہم افسوس کہ نہ توپیپلزپارٹی کی قیادت اورنہ ہی ان کے وزراء میں کوئی ان مصیبت زدہ بچوں کی عیادت یاخاندان سے دادرسی کیلئے پہنچاجس پرانہیں ان کے عہدوں سے فی الفوربرطرف کرکے نئی فعال کابینہ کوسامنے لایاجائے۔کنورنویدجمیل،عامرخان اورعبدالحسیب نے تحریک انصاف کے رہنماء عمران خان سے بھی مطالبہ کیاکہ وہ گذشتہ روزخیبرپختون خواہ کے شہرپشاور میں ایک مسجدمیں نمازیوں کوبم دھماکے میں شہیداورزخمی کردیا گیا لیکن وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ اورحکومت کے دیگر اہم وزراء میں کسی نے نہ تواسپتال جاکرزخمیوں کی عیادت کرنے توفیق کی نہ متاثرہ جگہ کادورہ کیااورنہ ہی شہیداورزخمیوں ہونیوالوں کے گھروں پر تعزیت اورعیادت کیلئے گئے۔ انہوں نے تحریک انصاف کے رہنماسے کہاکہ وہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ پرویز خٹک کوفی الفور برطرف کرکے فعال شخص کو خیبر پختونخواہ کا وزیراعلیٰ بنائیں جوعوام کا دکھ درددل میں رکھتا ہوں۔