ایم کیوایم کے تحت کل تعزیتی پروگرام لیاری ایکسپریس وے کے بجائے جناح گراؤنڈ میں منعقد ہوگا
متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کا اعلان
چوہدری اسلم شہید،مفتی عثمان یار اور ایکسپریس ٹی وی کے عملے کے شہید اراکین کو خراج عقیدت پیش کیاجائے گا
تعزیتی پروگرام کے شرکاء دہشت گردی کا نشانہ بننے والے تمام شہداء کی یاد میں شمع روشن کریں گے
کراچی ۔۔۔17، جنوری 2014ء
متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے جمعہ کو کراچی میں جمعیت علمائے اسلام (س) کے مفتی عثمان یارسمیت تین رہنماؤں اور ایکسپریس ٹی وی چینل کے تین ملازمین کی المناک شہادتوں کی وجہ سے ہفتہ کو چوہدری اسلم شہید کو خراج عقیدت کیلئے منعقدہ تعزیتی پروگرام جناح گراؤنڈ عزیزآباد منتقل کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ واضح رہے کہ ایم کیوایم نے اعلان کیا تھا کہ وہ ہفتہ کو لیاری ایکسپریس وے پراسی جگہ تعزیتی پروگرام منعقد کرے گی جہاں چوہدری اسلم کو دہشت گردوں نے نشانہ بنایا تھا ۔تعزیتی پروگرام کے شرکاء چوہدری اسلم سمیت دہشت گردی کا نشانہ بننے والے تمام شہداء کی یاد میں شمع روشن کریں گے ۔
رابطہ کمیٹی نے اعلان کیا کہ جناح گراؤنڈ میں ہونے والے اس تعزیتی اجتماع میں چوہدری اسلم شہید،مفتی عثمان یار اور ایکسپریس ٹی وی کے عملے کے شہید اراکین کو خراج عقیدت پیش کیاجائے گا اور ان کے سوگوار لواحقین سے دلی تعزیت اور یکجہتی کااظہار کیاجائے گا۔