کراچی میں بحریہ ٹاؤن کی ہاؤسنگ اسکیموں میں رجسٹریشن کے نام پر عوام کو لوٹنے کی اطلاعات پر ایم کیوایم کا اظہار تشویش
کراچی میں بحریہ ٹاؤن کی ہاؤسنگ اسکیموں میں رجسٹریشن فیس کے نام پر عوام سے کروڑوں روپے جمع کیے جارہے ہیں
رجسٹریشن کو دوسرے نام پر ٹرانسفر کرنے کی اجازت دیکر سٹہ شروع کردیا گیا جس سے عوام کے خون پسینے کی کمائی ڈوبنے کا خدشہ ہے
اگر کراچی میں بحریہ ٹاؤن ہاؤسنگ اسکیموں میں عوام کی خون پسینے کی کمائی کو لوٹا گیا تو اس کی ذمہ دار سندھ حکومت ہوگی
کراچی ۔۔۔17، جنوری2014ء
متحدہ قومی موومنٹ کے حق پرست ارکان سندھ اسمبلی نے کراچی میں بحریہ ٹاؤن کی ہاؤسنگ اسکیموں میں رجسٹریشن کے نام پر عوام کو لوٹنے کی اطلاعات پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے ۔ اپنے مشترکہ بیان میں انہوں نے کہا کہ کراچی میں بحریہ ٹاؤن کی ہاؤسنگ اسکیموں میں پہلے رجسٹریشن فیس کے نام پر عوام سے کروڑوں روپے جمع کیے جارہے ہیں اور بعد میں رجسٹریشن کو دوسرے نام پر ٹرانسفر کرنے کی اجازت دیکر سٹہ شروع کردیا گیا جس سے عوام کے خون پسینے کی کمائی ڈوبنے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس سے قبل بھی اس قسم کے اسکینڈل میں عوام کو لوٹا جاچکا ہے اور اب ایک مرتبہ پھر عوام کے خون پسینے کی کمائی کو سٹہ کی نذرکرنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ حق پرست ارکان سندھ اسمبلی نے کہاکہ وفاقی حکومت اور قانون نافذ کرنے والے ادارے تحقیقات کریں کہ آخر کس قانون کے تحت عوام سے کراچی میں بحریہ ٹاؤن کی ہاؤسنگ اسکیموں کی رجسٹریشن فیس لی جارہی ہے پھر اس رجسٹریشن کودوسرے نام پر ٹرانسفر کیاجارہا ہے ؟انہوں نے کہاکہ بحریہ ٹاؤن میں ہاؤسنگ اسکیموں میں اسکینڈل کی اطلاعات سے کراچی کے عوام میں گہری تشویش پائی جاتی ہے اور اگر ان اسکیموں میں عوام کی خون پسینے کی کمائی کو لوٹا گیا تو اس کی ذمہ دار سندھ حکومت ہوگی۔