پشاورمیں طالبان دہشت گردوں کی کارروائی بزدلانہ اورسفاکانہ ہے ۔ڈاکٹرفاروق ستار
دہشت گردی کے واقعات میں مسلسل اضافہ ہورہاہے مگرحکومت کی سوئی مذاکرات پر اٹکی ہوئی ہے ۔ڈاکٹرفاروق ستار
حکومت نے طالبان کے بارے میں معذرت خواہانہ رویہ اختیارکیاہواہے ۔ڈاکٹرفاروق ستار
ایسامحسوس ہوتاہے کہ حکومت اورعسکری اداروں نے پاکستان کوطالبان کے حوالے کرنے کافیصلہ کرلیاہے
اب اسکے سوا کوئی چارہ نہیں کہ عوام دہشتگردوں سے ملک کونجات دلانے کیلئے میدان عمل میں آئیں
لندن۔۔۔16 جنوری 2014ء
متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کے رکن اورقومی اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر ڈاکٹرفاروق ستارنے پشاورمیں تبلیغی جماعت کے مرکز میں دہشت گرد حملے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے اوراسے طالبان دہشت گردوں کی بزدلانہ اورسفاکانہ کارروائی قراردیاہے ۔ انہوں نے دہشت گردحملے میں شہیدہونے والوں کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کااظہارکیا۔ اپنے بیان میں ڈاکٹرفاروق ستارنے کہا کہ خیبرپختونخوا اورپورے ملک میں دہشت گردی کے واقعات میں مسلسل اضافہ ہورہاہے مگرحکومت کی سوئی مذاکرات پر اٹکی ہوئی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ حکومت نے طالبان کے بارے میں جس طرح کامعذرت خواہانہ رویہ اختیارکیاہواہے اس سے ایسامحسوس ہوتاہے کہ حکومت اورعسکری اداروں نے پاکستان کوطالبان کے حوالے کرنے کافیصلہ کرلیاہے ۔ڈاکٹر فاروق ستارنے کہاکہ یہ رویہ اوریہ عمل نہ صرف دہشت گردوں کے حملے میں شہیدہونے والے محب وطن پاکستانیوں کے خون سے روگردانی ہے بلکہ ملک ملک اورقوم سے بھی کھلی غداری کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہاکہ اب اس کے علاوہ کوئی چارہ نہیں کہ عوام خودمتحد، منظم اورمتحرک ہوں اورمیدان عمل میں آئیں اورملک کواس کے حقیقی دشمن جوملک کوباہرسے نہیں اندرسے ملک کوختم کررہے ہیں،ان سے ملک کونجات دلائیں۔