ملک کی ترقی میں طالبعلموں کا بہت اہم کردار ہوتا ہے، احمد سلیم صدیقی
قائد تحریک الطاف حسین نے عوام میں پائی جانے والی محرومیوں کی بروقت نشاندہی کی ہے
مصطفوی اسٹوڈینٹس موومنٹ کے وفد سے خورشید بیگم سیکریٹریٹ میں ملاقات
کراچی ۔۔۔ 13، جنوری 2014ء
متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کے رکن احمد سلیم صدیقی نے کہا ہے کہ تمام حق پرست طالبعلموں کو ملک کی فلاح کے لیے ایک پلیٹ فارم پر جمع ہونا ہوگا، باشعورطبقہ ہی ملک کوخوشحالی اورترقی کی راہ پرگامزن کرسکتا ہے۔ ان خیالا ت کا اظہار انھوں نے خورشید بیگم سیکریٹریٹ میں مصطفوی اسٹوڈینٹس موومنٹ کے وفد کے ساتھ ملاقات کے دوران کیا وفد میں ایم ایس ایم کے مرکزی صدر عرفان یوسف ،پنجا ب کے آرگنائزر امجدجٹ اورکراچی ڈویژن کے نائب صدر غلام مصطفٰی سمیت دیگر اراکین شامل تھے۔ احمد سلیم صدیقی نے کہا کہ کسی بھی ملک کی ترقی میں اس کے طالبعلموں کا بہت اہم کردار ہوتا ہے لہٰذا ہمیں علم حاصل کرکے ایک پلیٹ فارم پر جمع ہونا ہوگا تاکہ ہم ملک کو درپیش مسائل کا خاتمہ کر سکیں۔انہوں نے کہا کہ قائد تحریک الطاف حسین نے ہمیشہ علم کے حصول اور کردار کی پختگی کی ضرورت پرزور دیا ہے اور ملک بھر کے مظلوم عوام میں پائی جانے والی محرومیوں کی بروقت نشاندہی کی ہے اور قائد تحریک جناب الطاف حسین کی قیادت میں ملک کو مسائل سے نکالناوقت کا تقاضا اور ناگزیر عمل بن چکا ہے۔اس موقع پر اے پی ایم ایس ا و کے جوائنٹ سیکریٹری عادل خان، مرکزی کابینہ کے اراکین عدیل ملک ، انجینئر فیضان شیخ اور سید عدیل صفری بھی موجود تھے ۔قبل ازیں انھوں نے وفد کا نائن زیرو آمد پر شکریہ ادا کیا اور ملک میں نوجوانوں کی فلاح اور تعلیم کے فروغ کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کروائی۔