ہنگو میں اپنی جان کا نذرانہ دیکر اسکول کے بچوں کو خودکش حملے سے بچانے والے نوجوان طالبعلم اعتزاز حسین کو ایم کیوایم کے قائد الطاف حسین کا زبردست خراج عقیدت
دہشت گردوں کے خلاف جرات و بہادری کا مظاہرہ کرنے والے طالبعلم اعتزاز حسین شہیدکو سرکاری اعزاز سے نوازا جائے۔ الطاف حسین
اعتزاز حسین شہید کے اہل خانہ کو بھاری معاوضہ ادا کیا جائے، جس اسکول کو بچاتے ہوئے اعتزاز حسین شہید نے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا اس اسکول کو اعتزاز شہید کے نام سے منسوب کیا جائے
نئی نسل کو حصول تعلیم سے روکنے والے دہشت گرد عناصر اسلام، قرآن مجید اور نبی کریم ؐکی تعلیمات کی صریحاً نفی کررہے ہیں۔ الطاف حسین
لندن ۔۔۔۔10 جنوری 2014ء
متحدہ قومی موومنٹ کے قائدجناب الطاف حسین نے ہنگومیں اپنی جان کانذرانہ دیکر اسکول کے بچوں کوخودکش حملے سے بچانے والے نوجوان طالبعلم اعتزازحسین شہید کو زبردست خراج عقید ت پیش کیاہے ۔ اپنے ایک بیان میں جناب الطاف حسین نے کہا کہ طالبان دہشت گرد جواس سے قبل بھی لڑکیوں اورلڑکوں کوحصول تعلیم سے روکنے کیلئے درجنوں اسکولوں اورکالجوں کوبموں سے اڑاچکے ہیں اور ملالہ جیسی لڑکیوں اور لڑکوں کو دہشت گردی کانشانہ بنا چکے ہیں انہوں نے ہنگو میں بھی اسکول کوخودکش حملے کے ذریعے اڑانے کی کوشش کی لیکن نوجوان طالبعلم اعتزازحسین نے اپنی جان پرکھیل کرخودکش حملہ آوروں کوروکااوراپنی جان دیکردیگرطلبہ کی جانیں اور اسکول کوتباہ ہونے سے بچالیا۔ جناب الطاف حسین نے کہا کہ اپنی دہشت گردی کے ذریعے نئی نسل کوحصول تعلیم سے روکنے والے دہشت گرد عناصر اسلام ، قرآن مجید اورنبی کریم ؐ کی تعلیمات کی صریحاً نفی کررہے ہیں ۔ جناب الطاف حسین نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیاکہ دہشت گردوں کے خلاف جرات وبہادری کا مظاہرہ کرنے والے طالبعلم اعتزازحسین شہیدکوسرکاری اعزاز سے نوازا جائے، شہید کے اہل خانہ کوبھاری معاوضہ اداکیاجائے اورجس اسکول کوبچاتے ہوئے اعتزازحسین شہیدنے اپنی جان کانذرانہ پیش کیا اس اسکول کو اعتزاز شہید کے نام سے منسوب کیاجائے۔