ایم کیوایم کے تحت مورخہ 5 جنوری بروز اتوار کو گلشن اقبال کے علاقے الہ دین پارک سے متصل گراؤنڈ میں عظیم الشان جلسہ عام منعقد کیا جائے گا، جلسہ سے بانی و قائد جناب الطاف حسین فکر انگیز ٹیلیفونک خطاب کریں گے
شہر کی اہم شاہراہوں، چورنگیوں، عمارتوں، پلوں اور سڑکوں کو جناب الطاف حسین کی تصاویر اور ایم کیوایم کے پرچموں سے سجایا گیا ہے جبکہ جگہ جگہ خوش آمدیدی بینرز لگائے گئے ہیں
جلسہ گاہ اور اطراف کے علاقے برقی قمقموں سے کی گئی سجاوٹ کے باعث رات میں بھی دن کا منظر پیش کررہے ہیں
جلسہ عام کے انعقاد پر کارکنان و عوام میں زبردست جوش و خروش
جلسہ عام لوگوں کی خصوصی دلچسپی اور توجہ کا مرکزبن گیا
کراچی ۔۔۔4، جنوری 2014ء
متحدہ قومی موومنٹ کے تحت کل بروز اتوار گلشن اقبال کے علاقے الہ دین پارک سے متصل گراؤنڈ میں عظیم الشان جلسہ عام منعقد کیا جائے گا جس سے بانی و قائدجناب الطاف حسین فکر انگیز ٹیلیفونک خطاب کریں گے ۔جلسہ عام کی تیاریوں کا سلسلہ زور و شور سے جاری ہے اور جلسہ عام کے انعقاد کا عوامی سطح پر زبردست خیر مقدم کیا جارہا ہے اور اس حوالے سے ان میں پایا جانے والا جوش و خروش قابل دید ہے۔ جلسہ عام کی تشہیر کیلئے شہر کی اہم شاہراہوں، چورنگیوں، عمارتوں، پلوں اور سڑکوں کو قائد تحریک جناب الطاف حسین کی تصاویر ، ایم کیوایم کے پرچموں سے سجایا گیا ہے اورخیر مقدمی بینرز لگائے گئے ہیں جبکہ جلسہ گاہ آنے والے راستوں کو رنگ برنگے برقی قمقموں اور جھالروں سے بھی سجایا گیا ہے ۔ جلسہ عام کے سلسلے میں گھر گھر عوامی رابطہ مہم جاری ہے اور پملفٹ اور ہنڈ بل تقسیم کئے جارہے ہیں جس کے باعث جلسہ عام لوگوں کی خصوصی دلچسپی اور توجہ کا مرکز بن چکا ہے جبکہ لوگوں کی بڑی تعداد اپنی فیملیوں کے ہمراہ جلسہ گاہ کی تیاریاں اور سجاوٹ دیکھنے کیلئے آرہی ہے۔ الہ دین پارک سے متصل میدان میں جلسہ عام کے انتظامات اور تیاریوں میں ایم کیوایم کے سینکڑوں مصروف ہیں جبکہ جلسہ گاہ سمیت اطراف کے علاقے برقی قمقموں سے کی گئی زبردست سجاوٹ کے باعث رات میں بھی دن کا منظر پیش کررہے ہیں۔