متحدہ قومی موومنٹ کے تحت حیدرآباد میں جلسہ عام کی تیاریاں حتمی مراحل میں داخل ہوگئی
ڈپٹی کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کے ہمراہ اراکین رابطہ کمیٹی کا باغ مصطفی کا دورہ
3جنوری کو انتخابی جلسہ عام کے انعقاد کے سلسلے میں حیدرآباد میں جشن کا سماں
ایم کیوایم حیدرآباد کی جانب سے باغِ مصطفی میں چوڑیوں اور مہندی کے اسٹال لگائے گئے، پتنگ میلے کا بھی اہتمام
حیدرآباد۔۔۔2جنوری2014ء
متحدہ قومی موومنٹ کے تحت حیدرآباد میں جلسہ عام کی تیاریاں حتمی مراحل میں داخل ہوگئی۔ جلسہ عام کے سلسلے میں ایم کیوایم حیدرآباد زون کے کارکنان کی بڑی تعداد دن رات مصروف ہے، شہر کی اہم عمارتوں، چوراہوں اور شاہراہوں کو برقی قمقموں اور ایم کیوایم کے پرچموں سے سجایا گیا ہے جبکہ شہر بھر میں جلسہ عام کے حوالے سے بینرز بھی بڑی تعداد میں لگائے گئے ہیں، ایم کیوایم کے تحت جلسہ عام کے سلسلے میں شہر بھرمیں زبردست گہما گہمی دیکھنے میں آرہی ہے اور شہر کے مختلف علاقے ایم کیوایم کے ترانوں سے گونج رہے ہیں۔
دریں اثناء متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے اراکین رابطہ کمیٹی حیدرعباس رضوی، رشید گوڈیل، سید امین الحق، سید شاکر علی، افتخار اکبر رندھاوا ،اشفاق منگی،اسلم آفریدی ،یوسف شاہوانی اور خالد سلطان کے ہمراہ باغِ مصطفی کا تفصیلی دورہ کیا اور جلسے کی تیاریوں کا جائزہ لیا۔اس موقع پرحق پرست عوامی نمائندے اور ایم کیوایم حیدرآباد زون کے ذمہ داران وکارکنان بھی موجود تھے۔ لطیف آباد نمبر8میں ایم کیوایم کے انتخابی جلسہ عام کے سلسلے میں حیدرآباد میں جشن کاسماں ہے اورعوامی سطح پرجوش وخروش کا مظاہرہ دیکھنے میںآرہاہے ،اس موقع پرحیدرآبادزون کی جانب سے باغِ مصطفی میں چوڑیوں اور مہندی کے خصوصی اسٹال لگائے گئے جہاں خواتین اوربچیوں میں ایم کیوایم کے پرچم کے رنگوں پرمبنی چوڑیاں تقسیم کی گئیں اور ان کے ہاتھوں پر مہندی بھی لگائی گئی۔ حیدرآبادمیں پڑھنے والی ریکارڈ توڑ سردی سے بچاؤ کیلئے باغِ مصطفی میں آنیوالے عوام کیلئے ایم کیوایم کی جانب سے چائے کے اسٹال بھی لگائے گئے ہیں جبکہ ایم کیوایم کی جانب سے باغِ مصطفی میں پتنگ میلے کابھی اہتمام کیا گیا جس میں خواتین،بچوں سمیت ایم کیوایم کے ذمہ داران وکارکنان نے حصہ لیا اور ایم کیو ایم کے پرچم کے رنگوں والی پتنگیں اڑائی گئیں۔