پیپلزپارٹی ریاستی طاقت کا استعمال کرکے شہری علاقوں کی بلدیات پر قبضہ کرنا چاہتی ہے۔ خواجہ اظہارالحسن
منظوروسان کے بعد اب شرجیل میمن کے بیان نے پیپلزپارٹی کے اصل عزائم کا بھانڈا پھوڑ دیا ہے
کراچی میں ا یم کیوایم کے کارکنوں وہمدردوں کی اندھا دھند گرفتاریاں کی جارہی ہیں
پی پی پی حکومت کراچی کے بعدریاستی جبر کاسلسلہ حیدرآباد تک پھیلانا چاہتی ہے
سرکاری اعدادوشمار اس با ت کے گواہ ہیں کہ وزیراعلیٰ سندھ کا آبائی علاقہ خیرپور جرائم میں سرفہرست ہے جبکہ بدین، دادو اور دیگر علاقوں میں بھی جرائم پیشہ افراد کی سرگرمیاں عروج پرہیں
حکومت سندھ ایم کیوایم اوردیگر سیاسی مخالفین کو کچلنے کے بجائے کراچی اوراندرون سندھ اصل مجرموں اوردہشت گردوں کے خلاف ایکشن لے
کراچی ۔۔۔23 دسمبر2013ء
سندھ اسمبلی میں ایم کیوایم کے ڈپٹی پارلیمانی لیڈرخواجہ اظہارالحسن نے اپنے ایک بیان میں کہاہے کہ منظوروسان کے بعد اب صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل میمن کے تازہ ترین بیان نے پیپلزپارٹی کے اصل عزائم کا بھانڈا پھوڑ دیا ہے اورثابت کردیاہے کہ وہ ریاستی طاقت کااستعمال کرکے سندھ کے شہری علاقوں کی بلدیات پر قبضہ کرنا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں صوبائی حکومت پہلے ہی ایم کیوایم کے خلاف بدترین ریاستی طاقت استعمال کررہی ہے اوررینجرز وپولیس کے ذریعے ایم کیوایم کے کارکنوں وہمدردوں کی اندھا دھند گرفتاریاں کی جارہی ہیں۔ شہر کے بیشترعلاقوں میں ایم کیوایم کے کارکنوں وہمدردوں کے ساتھ ساتھ ان کے اہل خانہ تک کی زندگیاں اجیرن کردی گئی ہیں، ایم کیوایم کے درجنوں کارکنان وذمہ داران تاحال لاپتہ ہیں اوراب شرجیل میمن کے بیان سے واضح ہوگیاہے کہ پی پی پی حکومت کراچی کے بعدریاستی جبر کا سلسلہ حیدرآباد تک پھیلانا چاہتی ہے۔ خواجہ اظہار الحسن نے کہا کہ خود سرکاری اعدادوشمار اس با ت کے گواہ ہیں کہ سندھ میں وزیراعلیٰ سندھ کا آبائی علاقہ خیرپور جرائم میں سرفہرست ہے جبکہ بدین ، دادو اوردیگر علاقوں میں بھی جرائم پیشہ افرادکی سرگرمیاں عروج پرہیں ۔ گزشتہ دنوں ایک نجی ٹی وی کے پروگرام میں بھی دکھایاگیا تھاکہ اندرون سندھ کچے کے علاقے میں ڈاکو راکٹ لانچرز،بموں اوردیگرجدید ترین ہتھیاروں کے ذخائر سے مسلح ہیں لیکن ان کے خلاف پی پی پی کی حکومت کوئی ایکشن لینے کیلئے تیارنہیں ہے اس کے بجائے وہ پولیس، رینجرز اور دیگر اداروں کے ذریعے اپنے سیاسی مخالفین خصوصاً ایم کیوایم کو کچلنے کی کوششیں کررہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ پی پی پی نے 1970ء میں بھی عوامی مینڈیٹ کوتسلیم کرنے سے انکارکرکے ملک کوناقابل تلافی نقصان پہنچایاتھا اورآج بھی اسی پالیسی پر کاربندنظرآتی ہے ۔ خواجہ اظہارالحسن نے کہاکہ شرجیل میمن ایم کیوایم کوآپریشن کی دھمکیاں دینے اورملکی سلامتی کے اداروں کواپنے سیاسی مخالفین کوکچلنے کے بجائے کراچی اوراندرون سندھ اصل مجرموں اوردہشت گردوں کے خلاف ایکشن لیں جوآج بھی کھلے عام بھتہ خوری، اغوابرائے تاوان اور ڈکیتیوں میں مصروف ہیں۔