ملک بھرکے عوام وکارکنان جناب الطاف حسین کو اپنانجات دہندہ تسلیم کرچکے ہیں،یوسف شاہوانی
عوام و کارکنان سے جناب الطاف حسین کو دور کرنے کا سوچنے والے کروڑوں عوام کے جذبات سے کھیل رہے ہیں ، ساجد احمد
استحصالی عناصر الطاف حسین کے خلاف سازشیں ختم کردیں ، فرخ اعظم
ایم کیوایم کراچی مضافاتی آرگنائزنگ کمیٹی کے تحت عوامی رابطہ مہم کے سلسلے میں گلشن حدید بن قاسم میں منعقدہ کارنر میٹنگ کے شرکاء سے خطاب
کراچی ۔۔۔19، دسمبر2013ء
متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کے رکن یوسف شاہوانی نے کہا ہے کہ ملک بھر کے کروڑوں مظلوم عوام اور کارکنان قائد تحریک جناب الطاف حسین کواپنانجات دہندہ تسلیم کرچکے ہیں جوکسی صورت الطاف حسین کے بغیرنہیں رہ سکتے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے گزشتہ روز عوامی رابطہ مہم کے سلسلے میں ایم کیوایم کراچی مضافاتی آرگنائزنگ کمیٹی کے زیرا ہتمام کے گلشن حدید بن قاسم سیکٹر میں کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس میں مختلف قومیتوں سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں، بزرگوں اور خواتین نے کثیر تعداد میں شرکت کی اور جناب الطاف حسین سے اپنی والہانہ عقیدت و محبت کااظہار کیا ۔ اس موقع پر حق پرست رکن قومی اسمبلی ساجد احمد ، کراچی مضافاتی آرگنائزنگ کمیٹی کے جوائنٹ انچارجز اسلم بلوچ ، سلیم جوکھیو اور رکن سید احمد رضا بھی موجود تھے۔یوسف شاہوانی نے شرکاء سے خطاب میں کہا کہ ایم کیوایم کے کارکنان اور حق پرست عوام شروع دن سے ہی گھناؤنی سازشوں کا سامنا کرتے آئے ہیں لیکن اب سازشی عناصر اپنی تمام سازشوں میں ناکامی کے بعد قائد تحریک جناب الطاف حسین اور ایم کیوایم کو ایک دوسرے سے علیحدہ کرنے کے جس راستے پر جارہے ہیں اس راستے پر جانے کے منفی نتائج کا علم اگر ان سازشی عناصر کو ہوجائے تو ان کی روحیں تک فنا ہوجائیں گی ۔ کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے حق پرست رکن قومی اسمبلی ساجد احمد نے کہا کہ جناب الطاف حسین عوام کے محبوب ترین قائد ہیں اور انہیں عوام و کارکنان سے دور نہیں کیا جاسکتاایسا کرنے کا سوچنے والے کروڑوں عوام کے جذبات سے کھیل رہے ہیں۔کارنر میٹنگ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کراچی مضافاتی آرگنائزنگ کمیٹی کے انچارج فرخ اعظم نے کہا کہ ملک کے نازک ترین حالات اور وقت کا تقاضا ہے کہ ایم کیوایم کے خلاف سازشیں بند کی جائیں ، اسے اس کا جائز مقام دیاجائے اور استحصالی عناصر کو اب قائد تحریک جناب الطاف حسین کے خلاف سازشیں بند کردینی چاہئے ۔