جناب الطاف حسین کے بغیر ایم کیوایم کا بے جان تصور دینے، افواہیں پھیلانے اور ان ناپاک سازشوں سے عوام کی آگاہی کیلئے متحدہ قومی موومنٹ کے زیرا ہتمام بھرپور عوامی رابطہ مہم جاری ہے
جناب الطاف حسین کے بغیر ایم کیوایم کا تصور بھی کارکنان و عوام کی برداشت سے باہر ہے، انچارج پختون آرگنائزنگ کمیٹی حنیف اتمان خیل
بلدیہ ٹاؤن کے علاقے رشید آباد میں ایم کیوایم پختون آرگنائزنگ کمیٹی کے تحت منعقدہ کارنر میٹنگ کے شرکاء سے خطاب
کراچی ۔۔۔18، دسمبر2013ء
قائد تحریک جناب الطاف حسین کے بغیر ایم کیوایم کا بے جان تصور دینے ، افواہیں پھیلانے اوران ناپاک سازشوں سے عوام کو آگاہی کیلئے متحدہ قومی موومنٹ کے زیرا ہتمام بھر پور عوامی رابطہ مہم جاری ہے ۔ اس سلسلے میں ایم کیوایم کے مختلف ونگز اور شعبہ جات کی جانب سے کارنر میٹنگیں اور عوامی اجتماعات منعقد کئے جارہے ہیں جن میں جناب الطاف حسین کے خلاف گھناؤنی سازشوں پر عوام و کارکنان نے اپنے شدید ردعمل اور جذبات کا اظہار کیا اور اس کی پرزور الفاظ میں مذمت کی۔ عوامی رابطہ مہم کے سلسلے میں گزشتہ روز ایم کیوایم پختون آرگنائزنگ کمیٹی کے زیر اہتمام بلدیہ ٹاؤن کے علاقے رشید آباد میں کارنر میٹنگ منعقد ہوئی جس میں پختون عوام اور عمائدین نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔ کارنر میٹنگ سے ایم کیوایم پختون آرگنائزنگ کمیٹی کے انچارج حنیف اتمان خیل نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ایم کیوایم کے عوامی مینڈیٹ پر قبضے کیلئے کئی سازشی عناصر سرگرم عمل ہیں ، ایک جانب بلدیاتی انتخابات میں دھاندلی کیلئے بھی غیر قانونی اور غیر آئینی اقدامات کرکے ترامیم کی جارہی ہیں تو دوسری جانب قائد تحریک جناب الطاف حسین کے بغیر ایم کیوایم کا ماورائے عقل تصور اجاگر کیاجارہا ہے اور یہ تصور بھی ایم کیوایم کے کارکنان و عوام کی برداشت سے باہر ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ملک کی بقاء و سلامتی اور مظلوم قومیتوں کیلئے حقوق کیلئے جناب الطاف حسین لیڈر بن کر ابھر چکے ہیں اور اپنے انجام سے خوفزدہ دو فیصد استحصالی طبقہ اب ایک مرتبہ پھر ان سازشوں کو دوہرا رہا ہے جس میں اسے ماضی میں بھی کئی مرتبہ ناکامی و مرادی کا سامنا کرنا پڑ چکا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ قائد تحریک جناب الطاف حسین کے مشن ، مقصد اور نظریئے کی خاطر ہزاروں کارکنان نے اپنی جانوں کے نذرانے دیئے اور اب تک دے رہے ہیں اور ان جانوں کا نذرانہ دینے میں صرف اردو بولنے والے شامل نہیں ہیں بلکہ پختون ،سندھی ،پنجابی ، سرائیکی ، بلوچی حق پرست عوام بھی شامل ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ قائد تحریک جناب الطاف حسین تمام مظلوموں کی امیدوں کا واحد سہارا ہیں۔