ایم کیو ایم امریکہ کی جانب سے گولڈ میڈلسٹ نوید بٹ کے اعزاز میں تقریب کا انعقاد
قائدِ تحریک جناب الطاف حسین کی جا نب سے نوید بٹ کیلئے خصوصی انعام
ایم کیو ایم خصوصی افراد کی فلاح و بہبود کیلئے جدوجہد جاری رکھے گی۔ عبادالرحمان
واشنگٹن ڈی سی(۱۸ دسمبر ۲۰۱۳)
سان ڈیاگو میں منعقد ہونے والی خصوصی افراد کی عالمی باڈی بلڈنگ چمپئن شپ میں پاکستان کی طرف سے طلائی تمغہ جیتنے والے نوجوان نوید بٹ کے اعزاز میں ایم کیو ایم امریکہ کی جانب سے تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ قائد تحریک جناب الطاف حسین کی خصوصی ہدایت پر عالمی مقابلوں میں پاکستان کا نام روشن کرنے والے باہمت نوجوان نوید بٹ کے اعزاز میں واشنگٹن ڈی سی میں تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں ایم کیوایم نارتھ امریکہ کے نگراں عباد الرحمان، سینٹرل کمیٹی کے رکن توصیف خان اور واشنگٹن چیپٹر کے انچارج فیصل عثمانی، ایم کیو ایم کے کارکنان اور ہمدردوں کے ساتھ پاکستانی کمیونٹی کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔نوید بٹ لاہور کے ایک غریب گھرانے سے تعلق رکھتے ہیں جو پاکستان کی وفاقی اور پنجاب کی صوبائی حکومت کی جانب سے امداد کی تمام تر اپیلوں پر کان نہ دھرنے کے بعد اپنی مدد آپ کے تحت خصوصی افراد کے لئے ہونے والے عالمی مقابلے میں پاکستان کی نمائندگی کے لئے امریکہ پہنچے۔ایم کیو ایم نارتھ امریکہ کے نگراں عبادالرحمان نے نوید بٹ کو ایم کیو ایم اور قائد تحریک جناب الطاف حسین کی جانب سے مقابلوں میں ان کی شاندار کارکردگی پر زبردست مبارکباد پیش کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انھو ں نے کہا کہ نوید بٹ جیسے باہمت اور با صلاحیت نوجوان پاکستان کا سرمایہ افتخار ہیں اور یہی نوجوان طبقہ بین الاقوامی برادری میں پاکستان کا اصل اور روشن چہرہ پیش کر رہا ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ قائدتحریک جناب الطاف حسین پاکستان میں خصوصی افرادکی فلاح وبہبود،انکے حقوق اورمعاشرے میں انکے لئے یکساں مواقعو ں کیلئے جدوجہد کر رہے ہیں اور اس مقصد کے لئے ایم کیو ایم میں ایک علیحدہ ونگ ’’ُPeople with Disability‘‘ بھی قائم کیا گیا ہے۔اسموقع پر قائد تحریک جناب الطاف حسین کی جانب سے نوید بٹ کو گولڈ میڈل جیتنے پر انعامی چیک پیش کیاگیا اور آئندہ سال دبئی میں ہونے والے عالمی مقابلے میں شرکت کیلئے تمام سفری اخراجات کا انتظام کرنے کا اعلان بھی کیا گیا ۔ نوید بٹ نے قائدتحریک جنا ب الطا ف حسین اور ایم کیو ایم امریکہ کے ذمہ داران کی جانب سے اپنی حوصلہ افزائی اور تعاون پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ایم کیو ایم نے اپنے عمل سے ثابت کردیا ہے کہ درحقیقت صرف ایم کیو ایم ہی غریبوں کی ہمدرد اور نمائندہ جماعت ہے اور ملک میں ٹیلنٹ کی قدر اور پذیرائی کرتی ہے۔اس موقع پر واشنگٹن ڈی سی چیپٹر کے انچارج فیصل عثمانی نے نوید بٹ کو انکی شاندار کارکردگی پر ٹرافی پیش کی اور پاکستانی کمیونٹی کی طرف سے ان کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔