خالد بن ولید روڈ پر امام بارگاہ کو دھماکہ خیز مواد سے دہشت گردی کا نشانہ بنانے پر ایم کیوایم رابطہ کمیٹی کا اظہار مذمت
دہشت گرد مسلم امہ کے اتحاد کو ختم کرنے اور فرقہ وارانہ فسادات کیلئے قتل و غارتگری کررہے ہیں اور امام بارگاہوں کو نشانہ بنارہے ہیں، رابطہ کمیٹی ایم کیوایم
عوام اپنے ارد گرد مشکوک اشیاء اور عناصر پر کڑی نظر رکھیں اور کسی بھی مشکوک چیز کی اطلاع قریبی پولیس اسٹیشن اور انتظامیہ کو دیں، رابطہ کمیٹی
کراچی ۔۔۔18، دسمبر2013ء
متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے خالد بن ولید روڈ پر واقع امام بارگاہ کودھماکہ خیز موادسے دہشت گردی کا نشانہ بنانے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے اور اس واردات کو شیعہ سنی فسادات کرانے کی سازشوں کا تسلسل قرار دیا ہے ۔ ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہاکہ امام بارگاہ، مساجد ، مدارس ، مسلح افواج اور عوام کو دہشت گردی کا نشانہ بنانے میں ملوث سفاک دہشت گرد ایک جانب ملک کو غیر مستحکم کرنے کے درپے ہیں اور دوسری جانب مسلم امہ کے درمیان نفاق پیدا کرنے اور ان کے اتحاد کو ختم کرنے اور فرقہ وارانہ فسادات کیلئے قتل و غارتگری کررہے ہیں اور مساجد اور امام بارگاہوں کو نشانہ بنا رہے ہیں جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ۔ رابطہ کمیٹی نے نوجوانوں، بزرگوں، خواتین اور خصوصاً بچوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے ارد گرد اور راہ چلتے ہوئے کسی بھی چیز کو نہ اٹھائیں ،اس کی اطلاع قریبی پولیس اور انتظامیہ کو دیں ، اپنے ارد گرد مشکوک اشیاء اور عناصر پر کڑی نظر رکھیں اور دہشت گردوں کی نفیساتی چال کو سمجھیں ۔رابطہ کمیٹی نے وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان اور وزیراعلیٰ سندھ سیدقائم علی شاہ سے مطالبہ کیا کہ خالد بن ولید روڈ پر واقع امام بارگاہ کو دھماکہ خیز مواد سے نشانہ بنانے کی کارروائی کا سنجیدگی سے نوٹس لیں اور اس میں ملوث دہشت گرد اور ان کے سرپرستوں کو فی الفور گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دی جائے۔