تحریک نفاذ فقہ جعفریہ ملتان کے رہنما علامہ ناصر عباس کا بہیمانہ قتل قابل مذمت ہے۔ الطاف حسین
بعض قوتیں پاکستان میں مختلف فقہوں اور مسلکوں سے تعلق رکھنے والے عوام بالخصوص شیعہ اور سنی عوام کو آپس میں لڑانے کی گھناؤنی سازشوں میں مصروف ہیں
علامہ ناصر عباس کا بہیمانہ قتل ملک کو فرقہ وارانہ فساد کی آگ میں جھونکنے کی سازش کا حصہ ہے
تمام فقہوں اور مسالک کے عوام ان سازشوں کو سمجھیں، ہرگز مشتعل نہ ہوں اور پرامن رہ کر ان سازشوں کو ناکام بنادیں
علامہ ناصرعباس مرحوم کے اہل خانہ، تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کے رہنماؤں اور کارکنوں سے الطا ف حسین کا اظہار تعزیت
لندن ۔۔۔15 دسمبر2013ء
متحدہ قومی موومنٹ کے قائدجناب الطاف حسین نے لاہورمیں تحریک نفاذفقہ جعفریہ ملتان کے رہنما علامہ ناصر عباس کے بہیمانہ قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اوراس ٹارگٹ کلنگ کوملک کوفرقہ وارانہ فساد کی آگ میں جھونکنے کی سازش کاحصہ قراردیاہے۔ اپنے بیان میں جناب الطاف حسین نے کہا کہ بعض قوتیں پاکستان میں مختلف فقہوں اورمسلکوں سے تعلق رکھنے والے عوام بالخصوص شیعہ اور سنی عوام کوآپس میں لڑانے کی گھناؤنی سازشوں میں مصروف ہیں سانحہ راولپنڈی اور مختلف مذہبی رہنماؤں کے قتل کے واقعات انہی سازشوں کاحصہ ہیں۔تمام فقہوں اورمسالک کے عوام ان سازشوں کوسمجھیں ،ہرگز مشتعل نہ ہوں اورپرامن رہ کران سازشوں کوناکام بنادیں۔ جناب الطا ف حسین نے شیعہ رہنما علامہ ناصرعباس آف ملتان کے بہیمانہ قتل کی شدیدمذمت کرتے ہوئے مرحوم کے تمام اہل خانہ اورتحریک نفاذفقہ جعفریہ کے تمام رہنماؤں اور کارکنوں سے دلی تعزیت اورہمدردی کااظہارکیااوردعاکی کہ اللہ تعالیٰ علامہ ناصر عباس مرحوم کی مغفرت فرمائے ، انہیں جنت الفردوس میں جگہ دے اورتمام سوگواروں کو صبرجمیل عطا کرے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ علامہ ناصرعباس آف ملتان کے قاتلوں کو فی الفور گرفتار کیا جائے۔