جناب الطاف حسین کے بغیر ایم کیوایم کا تصور بے جان ہے، رکن رابطہ کمیٹی احمد سلیم صدیقی
ایم کیوایم پنجابی سرائیکی آرگنائزنگ کمیٹی کے زیر اہتمام عوامی رابطہ مہم کے سلسلے میں گلشن اقبال میں منعقدہ بڑے اجتماع سے خطاب
کراچی ۔۔۔15، دسمبر2013ء
متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کے رکن احمد سلیم صدیقی نے کہاہے کہ قائد تحریک جناب الطاف حسین نے حق پرستانہ جدوجہد کی راہ میں کسی بھی رکاوٹ اور سازش کو حائل نہیں ہونے دیا ہے اور ان کے بغیر ایم کیوایم کا تصور بے جان ہے ، ایم کیوایم میں روح قائد تحریک جناب الطاف حسین نے پھونکی ہے ، جو سازشی عناصرایم کیوایم کو جناب الطاف حسین کے بغیر دیکھنا چاہتے ہیں وہ خود فریبی کا شکار ہیں اور افواہیں پھیلا کر ایک مرتبہ پھر عوام کو جناب الطاف حسین سے دور کرنے کا گھناؤنا عمل کررہے ہیں۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے عوامی رابطہ مہم کے سلسلے میں گزشتہ روز ایم کیوایم پنجابی سرائیکی آرگنائزنگ کمیٹی کے زیر اہتمام گلشن اقبال میں منعقدہ بڑے عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اجتماع میں مختلف قومیتوں کے نوجوانوں ، بزرگوں اور خواتین نے کثیر تعداد میں شرکت کی اور قائد تحریک جناب الطاف حسین سے والہانہ عقیدت و محبت کااظہار کیا ۔ اس موقع پر ایم کیوایم پنجابی سرائیکی آرگنائزنگ کمیٹی کے انچارج خالد اعوان ، جوائنٹ انچارجز شریف علی رعنا ، نادر دستی ، نعمان سہگل ، اراکین دانیال قریشی ، مختار ججوی اور اعجاز مرزا بھی موجود تھے ۔ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے احمد سلیم صدیقی نے کہا کہ ملک کی بقاء اور سلامتی کا دارو مدار صرف اور صرف اس بات میں مضمر ہے کہ ہم چھوٹی چھوٹی تفریق سے نکل کر پاکستانی بن کر سوچیں ، نفرت اور تعصب کا عمل بند کریں ورنہ یہ اختلافات ہمیں تباہ کردیں گے ۔ انہوں نے کہاکہ قائد تحریک جناب الطاف حسین اور ایم کیوایم کے خلاف جب تمام سازشیں ناکام ہوگئیں تو نفرت اور تعصب کا کھیل کھیلنے والوں نے جناب الطاف حسین کو ہی ایم کیوایم کی قیادت سے دور کرنے کی ناپاک سازشیں کرنا شروع کردیں لیکن ایسی سازشیں کرنے والوں کو کون سمجھائے کہ جناب الطاف حسین ، ایم کیوایم اور کارکنان کا رشتہ مضبوطی کے اس بندھن میں بندھا ہوا ہے جسے توڑنے کیلئے کوئی بھی سازش کامیاب نہیں ہوسکتی ۔ اجتماع سے ایم کیوایم پنجابی سرائیکی آرگنائزگ کمیٹی کے انچارج خالد اعوان ، جوائنٹ انچارجز نادر دشتی ، نعمان سہگل اور شریف رعنا نے بھی خطاب کیا اور شرکاء کو قائد تحریک جناب الطاف حسین اور ایم کیوایم کے خلاف کی جانے والی گھناؤنی سازشوں سے آگاہ کیا۔