جناب الطاف حسین کا حق پرستی مشتمل فکرو فلسفہ اورنظریہ اپنے اندر انتہائی وسعت، لگاؤ اور کھینچاؤ رکھتا ہے، واسع جلیل
کارکنان اپنی صفوں میں اتحاد رکھیں اور افواہوں پر کان نہ دھریں ، ایم کیوایم اقلیتی امور کمیٹی کے اجلاس سے خطاب
کراچی ۔۔۔10، دسمبر2013ء
متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کے رکن واسع جلیل نے کہا ہے کہ قائد تحریک جناب الطاف حسین کا حق پرستی مشتمل فکرو فلسفہ اورنظریہ اپنے اندر انتہائی وسعت، لگاؤ اور کھینچاؤ رکھتا ہے یہی وجہ ہے کہ ایم کیوایم کا کام سرحدوں کی قید سے آزاد ہوکر بین الاقوامی سطح تک پہنچ چکا ہے اور اب ایم کیوایم کے خلاف سازشیں بھی اسی سطح پر ہورہی ہیں ۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے گزشتہ روز خورشید بیگم سیکریٹریٹ عزیز آباد میں ایم کیوایم شعبہ اقلیتی امور کمیٹی کے تحت ٹاؤن ورکنگ کمیٹیوں ، یوسیز ورکنگ کمیٹیوں ، شعبہ خواتین اور ایلڈرزونگ کے ذمہ داران کے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر ایم کیوایم اقلیتی امور کمیٹی کے انچارج عبد الاحد ، جوائنٹ انچارج گرد ھاری لعل ، منور لعل ، اراکین سردار کرشنسنگھ ، انتھونی سیموئیل اور نوید ملک بھی موجود تھے ۔ واسع جلیل نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ قائد تحریک جناب الطاف حسین نے جو درس کارکنان کو دیا ہے یہ اسی کا ثمر ہے کہ ایم کیوایم کے خلاف ملکی اور بین الاقوامی سطح پر کی جانے والی گھناؤنی سازشوں کے باوجود کارکنان کو متنفرنہیں ہوئے اور وہ آج بھی اپنی صفوں میں اتحاد رکھتے ہیں اور قائد تحریک جناب الطاف حسین کی قیادت پر مکمل اعتماد رکھتے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ جیسے جیسے بلدیاتی الیکشن قریب آرہے ہیں ویسے ویسے ایم کیوایم کے خلاف نت نئی سازشوں کے جال بچھائے جارہے ہیں ، ایم کیوایم کے خلاف آپریشن کرکے کارکنان کے خلاف جھوٹے اور من گھرٹ مقدمات قائم کئے جارہے ہیں لیکن اللہ جانتا ہے کہ ایم کیوایم کے کارکنان بے گناہ ہیں اور اس کا ثبوت یہ ہے کہ عدالتوں میں کارکنان کے خلاف کوئی جرم ثابت نہیں کیاجاسکا ہے ۔واسع جلیل نے اجلاس کے شرکاء پر زور دیا کہ وہ اپنی صفوں میں اتحاد برقرار رکھیں اورافواہوں پر کان نہ دھریں ، ایم کیوایم اور اس کے کارکنان کل بھی متحد تھے اور آج بھی متحد ہیں لیکن ان عناصر کا اتحاد ایک مرتبہ پھر ضرور پارا پارا ہوگا جو ایم کیوایم کی پرواز کو روکنے کیلئے غیر جمہوری، غیر منصفانہ اور اوچھے ہتھکنڈے استعمال کرکے سازشوں کا سہارا لے رہے ہیں ۔