جس تحریک میں ہزاروں شہیدوں کا لہو شامل ہو اس کو کوئی بھی طاقت اور ریاستی جبر ختم نہیں کرسکتا۔ الطاف حسین
یوم شہداء کے موقع پر رابطہ کمیٹی، تنظیمی کمیٹیوں اور تمام شعبہ جات کے اراکین کے مشترکہ اجلاس سے خطاب
قائد تحریک الطاف حسین نے تحریک کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہید کارکنوں کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا اور شہداء کیلئے فاتحہ خوانی کرائی
لندن ۔۔۔9 دسمبر2013ء
متحدہ قومی موومنٹ کے قائد جناب الطاف حسین نے کہا ہے کہ ایم کیوایم کی جدوجہد میں ہزاروں شہیدوں کا مقدس لہو شامل ہے اور جس تحریک میں ہزاروں شہیدوں کا لہو شامل ہو اس کو کوئی بھی طاقت اور ریاستی جبر ختم نہیں کرسکتا۔ انہوں نے یہ بات آج یوم شہداء کے موقع پر نائن زیروپر ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی اورتمام تنظیمی کمیٹیوں اور نائن زیروکے تمام شعبہ جات کے اراکین کے مشترکہ اجلا س سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ جناب الطاف حسین نے تحریک کے مشن ومقصدکیلئے اپنی جانوں کانذرانہ پیش کرنے والے شہید کارکنوں کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا اور شہداء کیلئے فاتحہ خوانی کرائی۔ انہوں نے کہا کہ ہماری تحریک پر ماضی میں کئی بار کڑا وقت آیا ، اللہ تعالیٰ نے ہمیں ثابت قدم رکھا اور ہر آزمائش میں سرخرو کیا۔ جو عناصر آج بھی تحریک کے خلاف گھناؤنے پروپیگنڈے کررہے ہیں وہ اپنی سازشوں میں کامیاب نہیں ہوسکتے۔جناب الطاف حسین نے یوم شہداء کے موقع پر شہیدوں کوخراج عقیدت پیش کرنے کیلئے بھرپور پروگراموں کے انعقاد پر رابطہ کمیٹی، زونوں، سیکٹروں اور ضلعوں کے عہدیداروں اور کارکنوں کو شاباش پیش کی۔