بلدیہ ٹاؤن میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کے دوران گھر میں گیس جرنیٹر کا دھواں بھر جانے سے میاں بیوی سمیت تین بچوں کے جاں بحق ہونے پر رابطہ کمیٹی کا اظہار افسوس
رات کے اوقات میں بجلی کی لوڈشیڈنگ سے حادثات میں اضافہ ہورہا ہے، رابطہ کمیٹی
رکن قومی اسمبلی سلمان مجاہد کا متاثرہ مکان کا دورہ، لواحقین سے ملاقات اور قائد تحریک کی جانب سے افسوس کا اظہار
کراچی ۔۔۔9، دسمبر2013ء
متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے کراچی کے علاقے بلدیہ ٹاؤن سیکٹر8-Eمیں بجلی کی لوڈشیڈنگ کے دوران گھر میں گیس جینریٹر کا دھواں بھرجانے سے گھرکے سربراہ ابرار اور ان کی اہلیہ اعظمیٰ سمیت تین بچوں حمزہ، رضا اور صمد کے جاں بحق ہونے پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔ ایک تعزیتی بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہا کہ شہرمیں رات کے اوقات میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کے باعث حادثات میں تیزی سے اضافہ ہورہاہے جس کے باعث متعدد شہری جاں بحق ہوچکے ہیں۔ رابطہ کمیٹی نے ناگہانی حادثے کا شکار بدنصیب خاندان کے سوگوار لواحقین سے دلی تعزیت ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں صبر کی تلقین کی اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ جاں بحق ہونیوالے خاندان کواپنی جواررحمت میں اعلیٰ مقام عطافرمائے اورسوگوارلواحقین کوصبرجمیل عطاکرے۔(آمین)دریں اثناء حق پرست رکن قومی اسمبلی سلمان مجاہدنے بلدیہ ٹاؤن کے گھرمیں جرنیٹرکادھواں بھرجانے سے متاثرہ مکان کادورہ کیااورجاں بحق ہونیوالے خاندان کے سوگوارلواحقین اوراہل محلہ سے ملاقات کرکے افسوسناک حادثے کی تفصیلات معلوم کی اور قائد تحریک جناب الطاف حسین کی جانب سے حادثے پردلی تعزیت وہمدردی کا اظہار کیا۔ اس موقع پرانہوں نے جاں بحق ہونیوالے خاندان کی مغفرت،ان کے درجات کی بلندی اورسوگوارلواحقین کوصبرجمیل کیلئے دعابھی کیں ۔ اس موقع پربلدیہ ٹاؤن سیکٹر کمیٹی اور یونٹ کمیٹیوں کے عہدیداران اورکارکنا ن بھی موجودتھے۔