متحدہ قومی موومنٹ کے تحت 9، دسمبر کو یوم شہداء انتہائی عقیدت و احترام سے منایا جائیگا
یومِ شہداء کے موقع پر ملک بھر میں قرآن خوانی و فاتحہ خوانی کے اجتماعات منعقد کیے جائیں گے جبکہ مرکزی اجتماع جناح گراؤنڈ عزیزآباد میں ہوگا
جناح گراؤنڈ عزیز آباد میں منعقدہ یوم شہداء کے مرکزی اجتماع کے انتظامات کو حتمی شکل دیدی گئی
کراچی ۔۔۔8، دسمبر2013ء
متحدہ قومی موومنٹ کے زیراہتمام 9دسمبرہرسال کی طرح امسال بھی ’’یوم شہداء‘‘کے طورپرانتہائی عقیدت واحترام سے منایا جائیگا۔ یوم شہداء کے موقع پرکراچی سمیت ملک بھرمیں قرآن خوانی وفاتحہ خوانی کے اجتماعات منعقدکیے جائیں گے اورشہداء کوزبردست خراج عقیدت و سلام عقیدت پیش کیا جائیگا۔ یوم شہداء پر قرآن وفاتحہ خوانی کا مرکزی اجتماع جناح گراؤنڈ عزیز آباد میں ہوگا جبکہ شہداء کی یادمیں تعمیر کی جانیوالی ’’یادگار شہدائے حق‘‘پربھی حاضری کیلئے آنے والے شہداء کے لواحقین، لاپتہ کارکنان کی فیملیز، ایم کیوایم کے ذمہ داران و کارکنان اورعوام کیلئے انتظامات بھی کیے گئے ہیں۔ یوم شہداء کے موقع پر جناح گراؤنڈ عزیز آباد میں ’’یادگار شہدائے حق ‘‘کے سامنے پیر کے روز منعقد ہونے والے قرآن خوانی و فاتحہ خوانی کے مرکزی اجتماع کے انتظامات کو حتمی شکل دیدی گئی ہے جبکہ بلندعمارتوں اوراہم چوراہوں پر درجنوں بینرزآویزاں کیے گئے ہیں جن پرشہداء کی لازوال قربانیوں کے حوالے سے انقلابی اشعار جلی حروف میں تحریرہیں۔ واضح رہے کہ ایم کیوایم کے زیراہتمام 9دسمبر کو یوم شہداء قائد تحریک جناب الطاف حسین کے بڑے بھائی ناصر حسین شہید، بھیتجے عارف حسین شہید سمیت تمام حق شہداء کی یاد میں منایاجاتا ہے۔