سندھ دھرتی کے عوام کو ’’سندھی ٹوپی اجرک ڈے‘‘ پر ایم کیوایم کے قائد الطاف حسین کی مبارکباد
سندھ بھر کے عوام اپنی ثقافت کا دن بھر پور طریقے سے منا کر ملک کی دوسری قومیتوں کو پیار، محبت اور یکجہتی کا پیغام دیں، الطاف حسین
لندن۔۔۔7، دسمبر2013ء
متحدہ قومی موومنٹ کے قائد جناب الطاف حسین نے سندھ دھرتی کے عوام کو ’’سندھی ٹوپی اجرک ڈے ‘‘کی دلی مبارکباد پیش کی ہے اور کہا ہے کہ سندھ دھرتی پیار ، محبت ، امن اور یکجہتی کی دھرتی ہے اور سندھ بھر کے عوام اپنی ثقافت کا دن بھر پور طریقے سے مناکر ملک کی دوسری قومیتوں کو پیار، محبت اور یکجہتی کا پیغام دیں۔ سندھی ٹوپی اجرک ڈے کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں انہوں نے کہا کہ ملک کی تمام قومیتوں کی زبانیں اور ثقافتیں قابل احترام ہیں اور تمام زبانیں بولنے والے اور ثقافتیں رکھنے والوں پر ایک دوسرے کی ثقافت اور زبانوں کا احترام کرنا لازم ہے ۔جناب الطاف حسین نے کہاکہ کل سندھ دھرتی کے عوام ’’سندھی ٹوپی اجرک ڈے ‘‘ جوش اور جذبے سے منائیں اور اس دن دوسری قومیتوں کے ساتھ بھر پور یکجہتی کااظہار کریں تاکہ ملک کی تمام قومیتوں کے درمیان یکجہتی کو مضبوط سے مضبوط تر کیاجاسکے ۔