کراچی میں فرقہ واریت کی بنیاد پر قتل و غارتگری کا نوٹس لیا جائے، الطاف حسین
مسلمانوں کو آپس میں لڑانے کی سازش کرنے والے دین اسلام، مسلمانوں اور پاکستان کے کھلے دشمن ہیں
نارتھ ناظم آباد میں تبلیغی جماعت سے تعلق رکھنے والے دو غیر ملکی شہریوں سمیت تین افراد کے قتل پر اظہار مذمت
لندن۔۔۔3،دسمبر2013ء
متحدہ قومی موومنٹ کے قائد جناب الطاف حسین نے نارتھ ناظم آباد کے علاقے میں واقع مسجد کے باہر فائرنگ کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور فائرنگ کے نتیجے میں تبلیغی جماعت سے تعلق رکھنے والے دوغیرملکی شہریوں سمیت تین افراد کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کااظہار کیا ہے۔ ایک بیان میں جناب الطاف حسین نے کہا کہ جو عناصر اپنے مذموم مقاصد کیلئے فرقہ واریت کی بنیاد پر بے گناہ افراد کو قتل کررہے ہیں اور مسلمانوں کو آپس میں لڑانے کی سازش کررہے ہیں وہ دین اسلام ، مسلمانوں اور پاکستان کے کھلے دشمن ہیں ۔ جناب الطاف حسین نے تمام مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے عوام سے دردمندانہ اپیل کی کہ وہ فرقہ واریت کی بنیاد پر قتل و غارتگری کی سازش کو سمجھیں ، آپس میں اتحاد ویکجہتی برقراررکھیں اور پرامن رہ کرایک دوسرے کی جان ومال کاتحفظ کریں اوراپنے اتحاد سے دین اسلام اور پاکستان کے خلاف گھناؤنی سازشوں کو ناکام بنادیں۔ جناب الطاف حسین نے جاں بحق ہونے والے افراد کے سوگوار لواحقین سے دلی تعزیت کااظہار کیا اور زخمیوں کی جلدومکمل صحت یابی کیلئے دعا کی ۔ جناب الطاف حسین نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ کراچی میں فرقہ واریت کی بنیاد پر قتل وغارتگری کا نوٹس لیاجائے اور بے گناہ شہریوں کے جان ومال کے تحفظ کیلئے ٹھوس اور مثبت اقدامات کیے جائیں۔