لاہور میں جماعت اسلامی کے تھنڈر اسکواڈ کی دہشت گردیوں پر ٹی وی اینکر پرسنز کی خاموشی معنٰی خیز ہے
جن کے منہ 12، مئی کے واقعہ کا تذکرہ کرتے نہیں تھکتے وہ آج لاہور اور شہر کے تعلیمی اداروں میں جمعیت کے دہشت گردوں کی غنڈہ گردیوں پر کیوں خاموش ہیں؟
حلفیہ کہتے ہیں کہ 12، مئی کو کراچی میں قتل و غارتگری میں بھی جماعت اسلامی اور اس کی بغل بچہ طلباء تنظیم جمعیت کے دہشت گرد پوری طرح ملوث تھے
اینکر پرسنز لاہور میں امن و امان کی مخدوش صورتحال کے ذمہ داروں کے خلاف صدائے حق بلند کریں
ایم کیوایم رابطہ کمیٹی کے ارکان مصطفی عزیزآبادی، قاسم علی رضا اور محمد اشفاق کا مشترکہ بیان
لندن ۔۔۔2، دسمبر2013ء
متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کے ارکان مصطفی عزیزآبادی ، قاسم علی رضا اور محمد اشفاق نے کہاہے کہ لاہور میں جماعت اسلامی کے تھنڈر اسکواڈ کی دہشت گردیوں پر ٹی وی اینکرپرسنز کی خاموشی معنٰی خیز ہے ۔ اپنے مشترکہ بیان میں انہوں نے جماعت اسلامی کی بغل بچہ طلبہ تنظیم اسلامی جمعیت طلباء کے تھنڈر اسکواڈ کے دہشت گردوں کی کھلی غنڈہ گردی، اساتذہ اور طلباء کوبہیمانہ تشدد کا نشانہ بنانے اور گاڑیوں کو نذرآتش کرنے کے واقعات کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ وہ ٹی وی اینکرپرسنز جن کے منہ 12، مئی کے واقعہ کا تذکرہ کرتے نہیں تھکتے وہ آج لاہور میں جلتی گاڑیوں سے بلند ہوتے آگ کے شعلے اورشہر کے تعلیمی اداروں میں جمعیت کے دہشت گردوں کی غنڈہ گردیوں پر کیوں خاموش ہیں؟ انہوں نے کہاکہ 12،مئی کو چیف جسٹس آف پاکستان کی کراچی آمد کے موقع پر شرپسندی کے واقعات کا بہتان ایم کیوایم پر عائد کیاجاتا ہے جبکہ حقیقت یہ ہے کہ ایم کیوایم کا ان واقعات سے قطعی کوئی تعلق نہیں تھا اور ہم حلفیہ کہتے ہیں کہ 12، مئی کو کراچی میں قتل وغارتگری میں بھی جماعت اسلامی اور اس کی بغل بچہ طلباء تنظیم جمعیت کے دہشت گرد پوری طرح ملوث تھے۔
مصطفی عزیزآبادی ، قاسم علی رضا اور محمد اشفاق نے پاکستان کے تمام اینکرپرسنز سے اپیل کی کہ وہ لاہور میں جماعت اسلامی اور اسلامی جمعیت طلباء کی کھلی دہشت گردی اور غنڈہ گردیوں کا نوٹس لیں اور لاہور میں امن وامان کی مخدوش صورتحال کے ذمہ داروں کے خلاف صدائے حق بلند کریں۔