تحریک انصاف اور جماعت اسلامی ڈرون حملوں کی آڑ لیکر احتجاج اور جلسے جلوس کرکے ملک میں انتشار پیدا کررہی ہیں اور ان قوتوں کا ساتھ دے رہی ہیں جو ملک کے استحکام کے درپے ہیں ، اراکین رابطہ کمیٹی
تحریک انصاف اور جماعت اسلامی سفاک دہشت گردوں کی آلہ کار بن چکی ہیں ، کنو ر نور، حیدر عباس ، خالد سلطان ، رشید گوڈیل
دہشت گردوں کی ہمنوا اور حمایتی جماعتوں کے حربوں میں آنے اور سازشوں کا شکار ہونے کے بجائے ملک کے عوام اور مسلح افواج کی قربانیوں کو مقدم رکھاجائے ، اراکین رابطہ کمیٹی
عوامی مہم کے سلسلے میں گلشن اقبال ، گلستان جوہر ، گلشن معمار ، نارتھ کراچی ، سرجانی اور سوسائٹی کے کارکنان اور عوام کے اجتماعات سے خطاب
کراچی ۔۔۔یکم ، دسمبر2013ء
متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کے اراکین کنور نوید جمیل ، حیدر عباس رضوی ، خالد سلطان اور رشید گوڈیل نے کہا ہے کہ ملک میں دشمنوں کی یلغار ہے اور وطن دشمن قوتیں اندرونی اور بیرونی طور پر ملک کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کی ناپاک سازش پر عمل پیرا ہیں تاہم اس تمام صورتحال کے باوجود تحریک انصاف اور جماعت اسلامی ڈرون حملوں کی آڑلیکر احتجاج اور جلسے جلوس کرکے ملک میں انتشار پیدا کررہی ہیں اور ان قوتوں کا ساتھ دے رہی ہیں جو ملک کے استحکام کے درپے ہیں ۔ان خیالات کااظہار رابطہ کمیٹی کے اراکین نے عوامی رابطہ مہم کے سلسلے میں گلشن اقبال ، گلستان جوہر ، گلشن معمار ، نارتھ کراچی ، سرجانی ٹاؤن اور سوسائٹی کے عوام و کارکنان کے منعقدہ علیحدہ علیحدہ اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر حق پرست ارکان قومی اسمبلی مزمل قریشی ، علی راشد ، عبد الوسیم ، سمن جعفری ، حق پرست ارکان صوبائی اسمبلی خواجہ اظہار الحسن ،ارتضی فاروقی اور عبد اللہ شیخ بھی ان کے ہمراہ تھے ۔ رابطہ کمیٹی کے اراکین نے اپنے خطاب میں کہا کہ ملک کو موجودہ نازک ترین صورتحال سے نکالنے کیلئے انتشار ، اختلاف اور مفادات کی سیاست کی ضرورت نہیں ہے بلکہ اتحاد ، اتفاق اور مشترکہ جدوجہد اب وقت کا تقاضہ بھی ہے ۔رابطہ کمیٹی کے اراکین نے کہا کہ جو جماعتیں ملک کے نازک حالات میں بھی عوام کو گمراہ کرنے اور بیوقوف بنانے کیلئے ڈرون حملوں کی آڑ میں احتجاج اور جلسے جلوس کررہی ہیں وہ ان سفاک دہشت گرد قوتوں کی آلہ کار بن چکی ہیں جو پاکستان کے ہزاروں معصوم عوام کے قتل اور فوجیوں کے گلے کاٹنے میں ملوث ہیں۔ رابطہ کمیٹی کے اراکین نے کہاکہ مذہب ، مسلک اور جہاد کے نام پر جماعت اسلامی نے ہزاروں عوام کو موت کے گھاٹ اتر وا دیا اور بنگلہ دیش کے ہم وطن مسلمان بھائیوں کے ساتھ جماعت اسلامی کا مجرمانہ کردار آج بھی تاریخ کا حصہ ہے لہٰذا تحریک انصاف ہوش کے ناخن لے اور اپنی پالیسیوں کو ملک و قوم کے مفاد کے عین مطابق بنائے ورنہ تاریخ میں تحریک انصاف کا شمار بھی جماعت اسلامی کی فہرست میں ہی ہوگا ۔ رابطہ کمیٹی کے اراکین نے اجتماعات میں شریک عوام و کارکنان پر زور دیا کہ وہ دہشت گردی کے خلاف عوامی رائے عامہ ہموار کریں اور ان جماعتوں کے اصل حقائق اور کرتوت عوام تک پہنچائیں جو ڈرون حملوں کے خلاف تو احتجاج کررہی ہیں جن میں دہشت گرد مارے جارہے ہیں اور دہشت گردوں کی جانب سے ملک کی مساجد ، امام بارگاہوں ، دفاعی تنصیبات پر بم دھماکوں میں شہید ہونے والے اپنے ہم وطنوں کا نام تک نہیں لے رہے ہیں اور انہیں ہلاک قرار دیکر ملک سے غداری کا کھلا ثبوت فراہم کررہے ہیں ۔ رابطہ کمیٹی کے اراکین نے ارباب اختیار و اقتدار سے مطالبہ کیا کہ دہشت گردی کے خلاف عوامی رائے عامہ ہموار کی جائے ،دہشت گردی کے خلاف جنگ میں عوام کی شرکت اور شمولیت کو یقینی بنایاجائے اور دہشت گردوں کی ہمنوا اور حمایتی جماعتوں کے حربوں میں آنے اور سازشوں کا شکار ہونے کے بجائے ملک کے عوام اور مسلح افواج کی قربانیوں کومقدم رکھاجائے۔