جامعہ کراچی مسکن گیٹ کے قریب دہشت گردوں کی فائرنگ سے مخصوص فرقے کے دو طلبہ کی ہلاکت پر رابطہ کمیٹی کا اظہار مذمت
دہشت گردوں کی جانب سے فائرنگ کرکے طلبہ کو ہلاک کرنے کا سختی سے نوٹس لیا جائے، رابطہ کمیٹی
تمام مکاتب فکر کے علمائے کرام اتحاد و اتفاق کا بھر پور مظاہرہ کریں اور فرقہ وارانہ فسادات کرنے کی گھناؤنی سازش کو ناکام بنادیں
جاں بحق طلبہ کے لواحقین سے رابطہ کمیٹی کا اظہار تعزیت، مقتولین کی مغفرت کیلئے دعا
کراچی۔۔۔29نومبر2013
متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے جامعہ کراچی مسکن گیٹ کے قریب فائرنگ کرکے جامعہ کراچی کے دوطلبہ کوہلاک کرنے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے اور شہر کا امن خراب کرنے کی فرقہ وارانہ فسادات بھڑکانے کی گھناؤنی سازش قرار دیا ہے۔ ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے فائرنگ کے واقعے میں طلبہ کی ہلاک کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے جاں بحق ہونیوالے دونوں طلبہ کے سوگوار لواحقین سے دلی تعزیت وہمدردی کا اظہار کیا اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ دونوں طلبہ کواپنی جواررحمت میں اعلیٰ مقام عطافرمائے اور تمام سوگوار لواحقین کوصبرجمیل عطاکرے۔رابطہ کمیٹی نے تمام مکاتب فکرکے علمائے کرام سے اپیل کہ وہ اتحادکامظاہرہ کریں اورفرقہ وارانہ فسادات کرنے کی گھناؤنی کوناکام بنادیں۔رابطہ کمیٹی نے کہا کہ امن دشمن دہشت گرد ایک بار شہر کا امن خراب کرنے کیلئے فرقہ وارانہ قتل و غارتگری کررہے ہیں اورمسکن گیٹ کے قریب فائرنگ کے واقعے میں طلبہ کی ہلاکت کا واقعہ بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے جس کا مقصد فرقہ وارانہ قتل وغارتگری کے ذریعے شہر کا امن خراب کرناہے ۔رابطہ کمیٹی نے صدر پاکستان ممنون حسین ،وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف، وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثارعلی، گورنر سندھ ڈاکٹرعشرت العباد اور وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ سے مطالبہ کیاکہ جامعہ کراچی کے مسکن گیٹ کے قریب دہشت گردوں کی جانب سے فائرنگ کرکے دو طلبہ کوہلاک کرنے کاسختی سے نوٹس لیاجائے اوردوہرے قتل کی واردات میں ملوث دہشت گردوں کو گرفتار کرکے عبرتناک سزادی جائے۔