حکومت سندھ نے بلدیاتی انتخابات میں اپنی اجارہ داری قائم رکھنے کیلئے آئینی ذمہ داریوں کی حدود کو بھی پار کرلیا ہے ، ڈاکٹر فاروق ستار ، احمد سلیم صدیقی ، خالد سلطان
جناب الطاف حسین کی ملک میں اتحاد و اتفاق پیدا کرنے کی کاوشوں کو سہرایاجارہا ہے، اراکین رابطہ کمیٹی
شاہ فیصل کالونی ، اورنگی ٹاؤن اور نیو کراچی میں عوامی رابطہ مہم کے سلسلے میں منعقدہ اجتماعات سے خطاب
کراچی ۔۔۔28، نومبر2013ء
متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کے اراکین ڈاکٹرمحمدفاروق ستار ، احمد سلیم صدیقی اور خالد سلطان نے کہا ہے کہ بلدیاتی انتخابات میں کئے گئے غیر قانونی اور اوچھے ہتھکنڈے جمہوریت کی روح کے منافی ہیں اور حکومت سندھ نے بلدیاتی انتخابات میں اپنی اجارہ داری قائم رکھنے کیلئے آئینی ذمہ داریوں کی حدود کو بھی پار کرلیا ہے ۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے گزشتہ روز شاہ فیصل کالونی ، اورنگی ٹاؤن اور نیو کراچی میں عوامی رابطہ مہم کے سلسلے میں منعقدہ اجتماعات سے خطاب اورعلاقوں کی تاجر برادری سے ملاقاتوں کے دوران اپنی گفتگومیں کیا ۔ اس موقع پر حق پرست ارکان قومی و صوبائی اسمبلی ، محبوب عالم ، سیف الدین خالد ، محمد حسین ، نشاط ضیاء ، ارتضی فاروقی ، معید انور اور کراچی تنظیمی کمیٹی کے اراکین بھی موجود تھے۔ رابطہ کمیٹی کے اراکین نے اپنے خطاب میں کہا کہ حکومت سندھ ، بلدیاتی انتخابات میں کامیابی کیلئے غیر جمہوری اورغیر قانونی راستوں کا انتخاب کررہی ہے اور من پسند حلقہ بندیاں اور نوٹی فکیشن جاری کرکے شہری اور دیہی عوام میں تفریق کا نہ صرف مذموم عمل کررہی ہے بلکہ اپنی چودھراہٹ قائم رکھنے کیلئے اختیارات اور وسائل کو جاگیردارانہ ذہنیت کے تحت اپنے تک محدود رکھنا چاہتی ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے وہ کم ہے ۔ رابطہ کمیٹی نے کہاکہ ملک نازک ترین صورتحال سے دوچار ہے اور ملک کی سیاسی و مذہبی جماعتیں اس صورتحال سے سبق سیکھنے کے بجائے اپنے اپنے سیاسی ، ذاتی اور انفرادی مفادات کی دوڑ میں لگی ہوئی ہیں اور انہیں ملک و قوم کا کچھ خیال نہیں ہے ، عوام دہشت گردی اور بم دھماکوں میں مررہے ہیں تو دوسری جانب ڈرون حملوں کے خلاف مصنوعی احتجاجی مظاہرے کئے جارہے ہیں جبکہ اصل صورتحال یہ ہے کہ ڈرون حملوں کے خلاف احتجاج کرنے والی جماعتیں ملک میں جاری دہشت گردی کے سنگین مسئلے پر متحد ہونے کے بجائے قوم میں انتشار پیدا کرکے ایک مرتبہ پھر دھوکہ دے ہیں اور دہشت گردی کے خلاف عوامی رائے عامہ ہموار کرنے کے بجائے دہشت گردوں کیلئے رائے عامہ ہموار کرنے کی ملک دشمن پالیسی پر عمل پیرا ہیں۔ رابطہ کمیٹی کے اراکین نے کہاکہ متحدہ قومی موومنٹ ایک تحریک ہے اور یہی وجہ ہے کہ وہ دیگر سیاسی ومذہبی جماعتوں کی طرح ملکی مفاد کے معاملہ پر اختلاف کرنے کے بجائے ہمیشہ اتفاق کرنے کی ضرورت پر زور دیتی رہی ہے اور قائد تحریک جناب الطاف حسین کی ملک میں اتحاد و اتفاق پیدا کرنے کی کاوشوں کو جس طرح سے لوگوں کی جانب سے سہرایاجارہا ہے۔