لیفٹنٹ جنرل راحیل شریف کو چیف آف آرمی اسٹاف اور لیفٹنٹ جنرل راشد محمود کی چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کے عہدے پر تقرری پر ایم کیوایم کے قائد الطاف حسین کی دلی مبارکباد
دعاگو ہوں کہ نئی قیادت کی رہنمائی میں افواج پاکستان ماضی کی طرح جانفشانی اور پیشہ وارانہ ذمہ داری کے ساتھ دفاع پاکستان کا فریضہ نبھاتی رہیں گی۔ الطاف حسین
سبکدوش ہونے والے آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل خالد شمیم وائیں کو فرائض پیشہ وارانہ انداز میں فرائض نبھانے اور ملک میں جمہوری عمل کو مستحکم بنانے پرالطاف حسین کا خراج تحسین
لندن ۔۔۔27 نومبر2013ء
متحدہ قومی موومنٹ کے قائدجناب الطاف حسین نے لیفٹنٹ جنرل راحیل شریف کو چیف آف آرمی اسٹاف اورلیفٹنٹ جنرل راشد محمود کوان کی چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کے عہدے پر تقرری پر دلی مبارکباد پیش کی ہے۔ اپنے بیان میں جناب الطاف حسین نے کہا کہ اس وقت ملک کوجن سنگین داخلی و بیرونی خطرات اور چیلنجز کا سامنا ہے ان میں دفاع پاکستان سرفہرست ہے اور اس حوالے سے پاک افواج اوراس کی قیادت پر بھاری ذمہ داریاں عائد ہوتی ہیں۔ میں دعاگو ہوں کہ نئی قیادت کی رہنمائی میں افواج پاکستان ماضی کی طرح جانفشانی اور پیشہ وارانہ ذمہ داری کے ساتھ دفاع پاکستان کافریضہ نبھاتی رہیں گی۔جناب الطاف حسین نے سبکدوش ہونے والے آرمی چیف جنرل اشفاق پرویزکیانی اورجوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کے چیئرمین جنرل خالد شمیم وائیں کو اپنے فرائض پیشہ وارانہ انداز میں نبھانے اور ملک میں جمہوری عمل کومستحکم بنانے پر خراج تحسین پیش کیا ۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ ملک میں جمہوریت کے استحکام کا سفر جاری رہے گا اور ہر گزرتے دن کے ساتھ جمہوری روایات اورجمہوری ادارے مزید مستحکم ہوں گے۔