عوام ،کراچی کے معصوم شہریوں کی شہادت پر مذمت نہ کرنے والے عناصر کا سوشل بائیکاٹ کریں، طارق جاوید،محمد اشفاق
ڈرون حملوں کے خلاف دھرنے کاڈرامہ رچانے والوں نے سانحہ انچولی کے شہداء کے لواحقین سے تعزیت کے دولفظ تک بولنا گوارا نہیں کیا
یہ عناصر سفاک دہشت گردوں اور کتوں کو شہید قراردیتے ہیں لیکن معصوم وبے گناہ شہریوں کی شہادت پر اظہار ہمدردی تک نہیں کرتے
جن جماعتوں نے امریکی ڈرون حملوں کے خلاف دھرنے کے ڈرامے کیے ہیں ان کی خیبرپختونخوا حکومت نے
ہنگو میں ڈرون حملے کے خلاف جو ایف آئی آر درج کرائی ہے اس میں امریکہ کا نام تک نہیں ہے
لندن۔۔۔22، نومبر2013ء
متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کے ارکان طارق جاوید اور محمد اشفاق نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ کراچی کے معصوم شہریوں کی شہادت پر مذمت نہ کرنے والے عناصر کا سوشل بائیکاٹ کریں۔ اپنے مشترکہ بیان میں انہوں نے کہاکہ ڈرون حملوں پر دھرنے دینے والے کراچی کے علاقے انچولی میں ہونے والے بم دھماکوں میں معصوم بچوں سمیت متعدد بے گناہ شہریوں کی شہادت پرکیوں خاموش ہیں اور اتنے بڑے سانحہ پر ان کے ظرف اور ضمیر کس غار میں چھپے بیٹھے ہیں؟ انہوں نے کہاکہ جن جماعتوں نے امریکی ڈرون حملوں کے خلاف دھرنے کے ڈرامے کیے ہیں ان کی خیبرپختونخوا حکومت نے ہنگو میں ڈرون حملے کے خلاف جو ایف آئی آر درج کرائی ہے اس میں امریکہ کا نام تک نہیں ہے اور یہ لکھا ہے کہ مرنے والوں میں کوئی پاکستانی نہیں ہے بلکہ وہ تمام افغانی تھے جو ایک روز قبل ہی سرحد عبور کرکے پاکستان آئے تھے ۔
طارق جاوید اور محمد اشفاق نے کہاکہ ڈرون حملوں کے خلاف دھرنے کاڈرامہ رچانے اور سیاسی دکانیں چمکانے والوں نے کراچی میں بم دھماکے کرنے والوں کی مذمت اور سانحہ انچولی کے شہداء کے لواحقین سے تعزیت کے دولفظ تک بولنا گوارا نہیں کیا۔ یہ عناصر سفاک دہشت گردوں اور کتوں کو شہید قراردیتے ہیں لیکن معصوم وبے گناہ شہریوں کی شہادت پر اظہار ہمدردی تک نہیں کرتے ۔ انہوں نے ملک بھر کے عوام سے اپیل کی کہ وہ نہ صرف ایسے منافق اور مفاد پرست عناصر کا سوشل بائیکاٹ کریں مثالی اتحاد کا مظاہرہ کرکے ان کے سیاسی پروگراموں کی بھی ہرگز حوصلہ افزائی نہ کریں۔