کے ای ایس سی کی جانب سے پمپنگ اسٹیشنوں کو اچانک بجلی کی سپلائی منقطع کرنے کے نتیجے میں شہر میں پانی کی سپلائی بند ہونے پر ارکان سندھ اسمبلی کا اظہار تشویش
دونوں اداروں کی انتظامیہ کراچی کے شہریوں کو نشانہ بنانے کا عمل بند کرے اور واجبات کی لین دین کی ادائیگی کے معاملات بیٹھ کر حل کریں
کراچی کے شہری ہر ماہ باقاعدگی سے بجلی اور پانی کے بل جمع کرواتے ہیں اس کے باوجود انہیں نشانہ بنانے کا عمل کھلی زیادتی ہے
حکومت سندھ دونوں اداروں کے درمیان معاملات طے کرانے میں کردار ادا کریں اور شہریوں کو عذاب سے نجات دلائیں
کراچی ۔۔۔۔20؍نومبر2013
حق پرست ارکان اسمبلی نے کراچی الیکٹرک سپلائی کمپنی کی جانب سے واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کراچی کی تمام پمپنگ اسٹیشنوں کو بجلی کی سپلائی منقطع کرنے کے نتیجے میں شہر کے مختلف علاقوں میں پانی کی سپلائی بند ہونے پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے اور اسے کراچی کے شہریوں کے ساتھ سراسر ناانصافی قرار دیا ہے ۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ کے ای ایس سی اورواٹر بورڈ کے درمیان واجبات کی ادائیگی کے تنازعات خطرناک صورت اختیار کرگئے ہیں جبکہ کے ای ایس سی کی جانب سے واٹر بورڈ کے تمام پمپنگ اسٹیشنوں کی بجلی اچانک منقطع کیے جانے سے 2کروڑ سے زائد آبادی کے شہر میں پانی کی سپلائی بھی مکمل طور پر بند ہوکر رہ گئی ہے اور شہری پانی کیلئے پریشان ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کے شہری تمام مالی پریشانوں کے ہر ماہ بجلی اور پانی کے بھاری مالیت کے بل باقاعدگی سے جمع کراتے ہیں جبکہ انہیں بل جمع کروانے کے باوجود پانی کی سہولت سے محروم کیے جانے کا عمل انتہائی افسوسناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک ایسے وقت میں جب شہری بجلی کی طویل دورانیہ لوڈ شیڈنگ سے تنگ ہیں کراچی الیکٹرک سپلائی کمپنی کی جانب سے واٹر بورڈ کے پمپنگ اسٹیشنوں کی بجلی منقطع کیے جانے سے شہری بجلی کے ساتھ ساتھ پانی کی فراہمی سے محروم ہوجائیں گے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ۔ ارکان سندھ اسمبلی نے کہا کہ کراچی الیکٹرک سپلائی کمپنی اور واٹر بورڈ کراچی کی انتظامیہ کراچی کے شہریوں کو تنگ کرنے کے بجائے واجبات کی لین دین کی ادائیگی کے معاملات بیٹھ کر حل کریں اور شہریوں کو نشانہ بنانے کا عمل بند کریں۔ انہوں نے حکومت سے کہا کہ وہ اس حوالے سے اپنا کردار ادا کریں اور شہر میں پانی کی قلت کا نوٹس لے۔ ارکان سندھ اسمبلی نے گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد اور وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ سے مطالبہ کیا کہ کراچی الیکٹر سپلائی کمپنی کی جانب سے واٹر بورڈ کے پمپنگ اسٹیشنوں کی بجلی منقطع کرنے کے باعث شہر میں پانی کی فراہمی بند ہونے کا نوٹس لیا جائے اور دونوں اداروں کے معاملات میں بیٹھ کر حل کرائیں جائیں ۔