کوہاٹ ، ہنگو اورراولپنڈی میں ہونے والے تشددکے واقعات افسوسناک ہیں۔ الطاف حسین
راولپنڈی کاسانحہ ملک میں فرقہ وارنہ فسادکی آگ بھڑکانے کی سازش ہے ،عوام خدارا اس سازش کوسمجھیں
عوام آپس میں باہم دست وگریباں ہونے سے گریزکریں، صبروتحمل اورضبط وبرداشت سے کام لیں اور ایک دوسرے جان ومال اوراملاک کونقصان نہ پہنچائیں
جس کاجوبھی عقیدہ ہو، سب ایک اللہ ،ایک رسول ؐ اورایک کتاب قرآن مجید کے ماننے والے ہیں۔کون صحیح ہے ،کون غلط ہے اس کافیصلہ اللہ تعالیٰ کوکرنے دیں
تمام مکاتب فکرکے علمائے کرام ، مشائخ عظام اورزاکرین فرقہ وارانہ ہم آہنگی کیلئے اپنا کردار ادا کریں
عوام کی جان ومال ،املاک ، مساجد، امام بارگاہوں اورمدرسوں کے تحفظ کیلئے مؤثر اقدامات کئے جائیں
لندن۔۔۔18 نومبر2013ء
متحدہ قومی موومنٹ کے قائدجناب الطاف حسین نے آج کوہاٹ ،ہنگو اورراولپنڈی میں ہونے والے تشددکے واقعات پرشدیدافسوس کا اظہار کیا ہے ۔ اپنے بیان میں جناب الطاف حسین نے کہاکہ راولپنڈی میں یوم عاشورپر ہونے والاواقعہ دلخراش اورنہایت افسوسناک ہے جس پر سب کے ہی دل خون کے آنسورورہے ہیں۔انہوں نے تمام شیعہ،سنی اوردیگر مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے عوام سے اللہ اوررسولؐ کے نام پر دردمندانہ اپیل کرتے ہوئے کہاکہ راولپنڈی کاسانحہ یقیناًملک میں فرقہ وارنہ فسادکی آگ بھڑکانے کی سازش ہے ،عوام خدارا اس سازش کوسمجھیں اورآپس میں باہم دست وگریباں ہونے سے گریزکریں، صبروتحمل اورضبط وبرداشت سے کام لیں، ایک دوسرے جان ومال اور املاک کونقصان نہ پہنچائیں۔جناب الطاف حسین نے کہا کہ جس کا جو بھی عقیدہ ہو، سب ایک اللہ ،ایک رسول ؐ اور ایک کتاب قرآن مجید کے ماننے والے ہیں۔کون صحیح ہے ،کون غلط ہے اس کافیصلہ اللہ تعالیٰ کوکرنے دیں۔ انہوں نے تمام مکاتب فکرکے علمائے کرام ، مشائخ عظام اور زاکرین سے درخواست کی کہ وہ فرقہ وارانہ ہم آہنگی کیلئے اپنا کردار ادا کریں اوراپنے اپنے خطاب میں عوام کوفرقہ وارانہ ہم آہنگی کا درس دیں۔ جناب الطاف حسین نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ عوام کی جان ومال ،املاک ، مساجد، امام بارگاہوں اورمدرسوں کے تحفظ کیلئے مؤثر اقدامات کئے جائیں ۔