پنجاب کے شہر ملتان اور ضلع بہاولنگر کی تحصیل چشتیہ اور حاصل پور میں شدید کشیدگی اور جلاؤ گھیراؤ، توڑ پھوڑ، لوٹ مارکی وارداتوں پر رابطہ کمیٹی کا اظہار تشویش
راولپنڈی، ملتان، چشتیہ اورحاصل پورمیں بڑھتی ہوئی کشیدگی پر قابو پانے کیلئے فوری اقدامات بروئے کار لائیں جائیں، ایم کیوایم رابطہ کمیٹی
بعض امن دشمن عناصرایک بارپھراپنے مذموم مقاصدکی تکمیل کیلئے ملک بھرمیں فرقہ وارانہ فسادات کی آگ بھڑکانہ چاہتے ہیں
یوم عاشورہ کے موقع پرراولپنڈی ،ملتان،چشتیہ اورحاصل پورکے افسوسناک واقعات اسی سلسلے کی کڑی ہیں جس میں کئی قیمتی جانوں کے زیاں،متعددشہری زخمی اورقیمتی املاک کو شدید نقصان پہنچایا جاچکا ہے
بھاری جانی ومالی نقصانات کے باوجود کوئی ایک بھی گرفتاری کاعمل میں نہ آنا لمحہ فکریہ ہے
سازشی عناصر کی فرقہ وارانہ فسادات کی سازش کوناکام بناناملت اسلامیہ کے تمام مسالک اور فرقوں کی اہم ذمہ داری ہے
وزیراعظم ،وفاقی وزیرداخلہ اوروزیراعلیٰ پنجاب سانحہ راولپنڈی کے بعد ملتان، چشتیہ اورحاصل پورمیں تیزی سے بگڑتی ہوئی صورتحال کا فوری نوٹس لیں،رابطہ کمیٹی کامطالبہ
کراچی:۔۔۔16؍نومبر2013ء
متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے یومِ عاشورہ پرراولپنڈی میں ہنگامہ آرائی کے دوران قیمتی جانوں کے زیاں،شہریوں کے زخمی اورقیمتی املاک کونذرآتش کیے جانے کے بعدصوبہ پنجاب کے شہرملتان،ضلع بہاول نگرکی تحصیل چشتیہ اورحاصل پورمیں بھی شدید کشیدگی ،جلاؤ گھیراؤ، توڑ پھوڑ، لوٹ مارکی وارداتوں پرگہری تشویش کااظہار کیاہے اور مطالبہ کیاہے کہ بہاول نگرکی تحصیل چشتیہ اورحاصل پورمیں بڑھتی ہوئی کشیدگی پرقابوپانے کیلئے فوری اقدامات بروئے کارلائیں جائیں۔ ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہاکہ بعض امن دشمن عناصر ایک بارپھراپنے مذموم مقاصدحاصل کرنے کیلئے ملک بھرمیں فرقہ وارانہ فسادات کی آگ بھڑکانہ چاہتے ہیں اوریوم عاشورہ کے موقع پر راولپنڈی ،چشتیہ اورحاصل پورکے افسوسناک واقعات اسی سلسلے کی کڑی ہیں جس میں کئی قیمتی جانوں کے زیاں،متعددشہری زخمی اورقیمتی املاک کوشدید نقصان پہنچایا جاچکا ہے تاہم ابھی تک کوئی ایک بھی گرفتاری عمل میں نہیںآئی جوملک بھرکے عوام کیلئے لمحہ فکریہ ہے اورجس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔رابطہ کمیٹی نے کہاکہ اس قسم کی سازشیں کرنیوالے اورمسلمانوں کوآپس میں دست وگریباں کرنیوالے کسی صورت ملت اسلامیہ کے ہمدردنہیں ہوسکتے جوفروعی اورغیراہم مسئلہ کو بنیادبناکرفرقہ وارانہ اختلافات کو ہوا دیتے ہیں۔ رابطہ کمیٹی نے کہاکہ سازشی عناصر کی فرقہ وارانہ فسادات کی سازش کوناکام بناناملت اسلامیہ کے تمام مسالک اور فرقوں کی اہم ذمہ داری ہے۔رابطہ کمیٹی نے ملک بھرخصوصاًراولپنڈی،چشتیہ اور حاصل پورسمیت تمام شہروں کے عوام سے کہاکہ وہ امن دشمن عناصر کی سازشوں کوناکام بنانے کیلئے اتحاد و اتفاق کامظاہرہ کریں اورفرقہ وارانہ ہم آہنگی کے فروغ اوراتحادبین المسلمین کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔ رابطہ کمیٹی نے وزیراعظم میاں محمدنوازشریف،وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثارعلی اوروزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف سے مطالبہ کیا کہ راولپنڈی، ملتان ،چشتیہ اورحاصل پورمیں تیزی سے بگڑتی ہوئی صورتحال کافوری نوٹس لیا جائے اور ذمہ دارعناصرکے خلاف سخت ترین کارروائی عمل لاکرانہیں سخت سے سخت سزادی جائے۔