خلق خدا کی خدمت کیلئے اپنا آرام وسکون قربان کرنا سب سے بڑی عبادت ہے ، الطاف حسین
یوم عاشورپر عزاداران حسینؓ کیلئے خدمات انجام دینے والے ذمہ داران اور کارکنان کو خراج تحسین
محرم الحرام بالخصوص یوم عاشور کے موقع پر امن وامان کے قیام ، ماتمی جلوسوں اور مجالس کے تحفظ کیلئے مؤثر اور عملی اقدامات کرنے پر مسلح افواج ، رینجرز اور پولیس کے تمام افسران اور اہلکاروں کو سلام تحسین
لندن۔۔۔15، نومبر2013ء
متحدہ قومی موومنٹ کے قائد جناب الطاف حسین نے کہاہے کہ خلق خدا کی خدمت کیلئے اپنا آرام وسکون قربان کرنا سب سے بڑی عبادت ہے ۔ ایک بیان میں جناب الطاف حسین نے محرم الحرام کے ایام بالخصوص یوم عاشور کے موقع پر عزاداران حسینؓ کیلئے خدمات انجام دینے پرکراچی سمیت ملک بھرمیں ایم کیوایم کے تمام ذمہ داران ، منتخب نمائندوں اورکارکنوں بالخصوص ایم کیوایم کی میڈیکل ایڈ کمیٹی کے ارکان کو دل کی گہرائیوں سے زبردست خراج تحسین پیش کیا ہے ۔ ایک بیان میں جناب الطاف حسین نے کہاکہ ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی ، منتخب عوامی نمائندوں، مختلف شعبہ جات کے ارکان ،ملک بھر میں ایم کیوایم کی زونل کمیٹی ، سیکٹرکمیٹی ، یونٹ کمیٹی کے ارکان اور کارکنان نے کراچی سمیت صوبہ سندھ ، صوبہ پنجاب کے مختلف شہروں اور ملک کے دیگرحصوں میں حسب روایت اس سال بھی فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے فروغ کیلئے تمام مکاتب فکرکے علمائے کرام سے ملاقاتیں کیں، ماتمی جلوسوں کی قیادت کی ، ماتمی جلوسوں کی گزرگاہوں پر پانی وشربت کی سبیلیں لگائیں اور عزاداران حسینؓ کو علاج ومعالجہ کی سہولیات فراہم کیں جس پرپاکستان بھر کا ایک ایک ذمہ دار، کارکن اور ہمدرد زبردست خراج تحسین کا مستحق ہے ۔جناب الطاف حسین نے محرم الحرام بالخصوص یوم عاشور کے موقع پر امن وامان کے قیام ، ماتمی جلوسوں اور مجالس کے تحفظ کیلئے مؤثر اور عملی اقدامات کرنے پر مسلح افواج ، رینجرز اور پولیس کے تمام افسران اور اہلکاروں کو سلام تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ مسلح افواج، رینجرز، پولیس اوربلدیاتی انتظامیہ کے افسران اور جوانوں نے محرم الحرام کے تقدس کو برقراررکھنے، قیمتی انسانی جانوں کے تحفظ اور عزاداران حسینؓ کو سہولیات فراہم کرنے کیلئے جس طرح دن رات محنت کی اور ملک بالخصوص صوبہ سندھ میں امن وامان کی صورتحال کو برقراررکھنے کیلئے مثبت کردار ادا کیا ہے اس پروہ زبردست خراج تحسین کے مستحق ہیں۔