ٹی وی ٹاک شو میں ریٹائرڈ لیفٹنٹ جنرل حمید گل کی ایم کیوایم کے بارے میں اول فول، بچکانہ اورغیرسنجیدہ گفتگو افسوسناک ہے ۔ محمدانور
جنرل حمید گل کوچیلنج کرتاہوں جس ٹی وی پر اور جس اینکرپرسن کے شو میں چاہیں مجھ سے مناظرہ کرلیں۔محمدانور
اگر جنرل حمیدگل دلائل سے مجھے شکست دینے میں کامیاب ہوگئے تو میں ساری زندگی کیلئے سیاست سے علیحدہ ہوجاؤں گا
اگر عوامی شکست کاسامنا جنرل حمید گل کو کرنا پڑا تو وہ وعدہ کریں کہ وہ زندگی کی آخری سانس تک سیاست پر لب کشائی ہرگز ہرگز نہیں کرینگے
لندن۔۔۔14، نومبر2013ء
متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کے رکن محمدانورنے گزشتہ روزایک مقامی ٹی وی ٹاک شو میں ایم کیوایم کے سینئر رہنماء ڈاکٹر فاروق ستار کی مدلل گفتگو پرلاجواب ہوجانے پرریٹائرڈ لیفٹنٹ جنرل حمید گل کی سیاق وسباق سے ہٹ کرکی جانیوالی اول فول ،فضول قسم کی بچکانہ اورغیرسنجیدہ گفتگو پرافسوس کا اظہارکیاہے۔محمدانورنے کہاکہ مذکورہ ٹاک شومیں پاکستان کودرپیش موجودہ سنگین چیلنجزپرکی جانیوالی بحث کے دوران جب جنرل حمیدگل لاجواب ہوگئے توانہوں نے پاکستان کودرپیش حالات پرگفتگوکرنے کے بجائے ایم کیوایم اورقائدتحریک الطاف حسین پربلاوجہ تنقیدشروع کردی۔ رابطہ کمیٹی کے رکن محمدانور نے کہا کہ جنرل حمید گل جس ٹی وی پر اور جس اینکرپرسن کے ٹاک شو میں چاہیں مجھ سے مناظرہ کرلیں۔اگر وہ دلائل سے مجھے عوامی شکست دینے میں کامیاب ہوگئے تو میں ساری زندگی کیلئے سیاست سے علیحدہ ہوجاؤں گااوراگر عوامی شکست کاسامنا جنرل حمید گل کو کرنا پڑا تو وہ بھی وعدہ کریں کہ وہ زندگی کی آخری سانس تک سیاست پر لب کشائی ہرگز ہرگز نہیں کریں گے۔