گوجرانوالہ میں امام بارگاہوں پر فائرنگ کے مذموم واقعات پر الطاف حسین کااظہار مذمت
امام بارگاہوں پر فائرنگ میں ملوث سفاک دہشت گرد ایک منظم منصوبہ بندی کے تحت سرگرم عمل ہیں، تمام مسالک کے علمائے کرام
اور عوام اپنے درمیان فرقہ وارانہ ہم آہنگی برقرار رکھیں ، الطاف حسین
امام بارگاہوں پر فائرنگ کے واقعات میں امام سمیت 3افراد کی شہادت پر الطاف حسین کااظہار افسوس
لندن۔۔۔9، نومبر2013ء
متحدہ قومی موومنٹ کے قائد جناب الطاف حسین نے گوجرانوالہ میں دو امام بارگاہوں پر دہشت گردوں کی فائرنگ کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے اور محرم الحرام کے موقع پر امام بارگاہوں پر فائرنگ کے واقعات کو فرقہ وارانہ فسادات کی آگ بھڑکانے کی گھناؤنی سازش قرار دیا ہے ۔ ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ امام بارگاہوں پر فائرنگ میں ملوث سفاک دہشت گرد ایک منظما منصوبہ بندی کے تحت سرگرم عمل ہیں لہٰذا درندہ صفت دہشت گردوں کی مذموم کارروائیوں کو مد نظر رکھتے ہوئے تمام مسالک اور فقہوں کے ماننے والے علمائے کرام اور عوام ایسے شرانگیز اور دہشت گردی کے واقعات پر صبر کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑیں اور اپنے درمیان فرقہ وارانہ ہم آہنگی ہر قیمت پر برقرار رکھیں ۔ انہوں نے اما م بارگاہوں پر فائرنگ کے نتیجے میں امام سمیت 3افراد کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کااظہار کیا اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہداء کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور سوگواران کو صبرجمیل عطا کرے۔ جناب الطاف حسین نے وزیراعظم نواز شریف ، وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان اور وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف سے مطالبہ کیا کہ گوجرانوالہ میں امام بارگاہوں پر فائرنگ میں ملوث درندہ صفت دہشت گردوں کو فی الفور گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دی جائے اور محرم الحرام کے موقع پر فرقہ وارانہ قتل و غارتگری اور دہشت گردی کے واقعات کی روک تھام کیلئے تمام قومی وسائل اور ذرائع استعمال میں لائے جائیں ۔