ایم کیوایم کے وفد کی وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف سے ملاقات، کراچی کی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا
وفد نے وزیراعظم کو حراست کارکنان کی ہلاکت اور دیگر ناانصافیوں پر توجہ دلائی اور اپنے تحفظات کا اظہار کیا
دوران حراست ہلاکت کا سختی کے ساتھ نوٹس لیا جائے گا، ایم کیوایم تحفظات کو دو کیا جائے گا ،وزیراعظم نواز شریف
وزیر اعظم کا ایم کیوایم کی جانب سے کراچی میں جاری آپریشن پر تعاون پر اظہارتشکر
کراچی:۔۔۔8، نومبر2013ء
متحدہ قومی موومنٹ کے ایک وفد نے گورنر ہاؤ س کراچی میں وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف سے ملاقات کی۔وفد میں ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی، رابطہ کمیٹی کے رکن ڈاکٹر صغیراحمد،قومی اسمبلی میں ایم کیوایم کے پارلیمانی لیڈر ڈاکٹر فاروق ستار ،سینیٹر بابر غوری اور رکن سندھ اسمبلی عادل صدیقی شامل تھے۔ملاقات میں کراچی کی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے دوران ایم کیوایم کے وفد نے وزیراعظم کو آپریشن کے دوران ایم کیوایم کے کارکنان کے ساتھ ناانصافیوں اورحراست کے دوران ذمہ داروں اورکارکنان پر تشدد اور ہلاکت پر گہری تشویش کااظہار کرتے ہوئے دیگر ناانصافیوں پر توجہ دلائی اور اپنے تحفظات کا اظہار کیا ۔ وزیر اعظم نے ایم کیوایم کے وفد کی گزارشات کو غور سے سنا اور وفد کی جانب سے کراچی میں جاری آپریشن پر ہرممکن تعاون پر اظہارتشکر کر تے ہوئے کہا کہ کراچی میں آپریشن کسی سیاسی جماعت کے خلاف نہیں کیا جارہا ہے اور آپریشن کے دوران کارکنان کے ساتھ ناانصافیوں اوردوران حراست تشدداور ہلاکت کے واقعات کا سختی کے ساتھ نہ صرف نوٹس لیا جائے گابلکہ ایم کیوایم کے دیگر تحفظات کو دوربھی کیا جائے گا ۔