ملٹری اسٹیبلشمنٹ اورآئی ایس آئی صرف تحریک انصاف کو جتوانے کیلئے دیگرسیاسی ومذہبی جماعتوں کے خلاف دھماکے کراکر شہریوں کا قتل عام کیوں کررہی ہے؟ الطاف حسین
|
Posted on: 7/13/2018
|
ملٹری اسٹیبلشمنٹ اورآئی ایس آئی صرف تحریک انصاف کو جتوانے کیلئے دیگرسیاسی ومذہبی جماعتوں
کے خلاف دھماکے کراکر شہریوں کا قتل عام کیوں کررہی ہے؟ الطاف حسین
اس سے تو بہتر ہے کہ الیکشن کے بغیرہی تحریک انصاف کی کامیابی کااعلان کردیاجائے
مذموم مقاصدکی تکمیل کیلئے بے گناہ شہریوں کی جانوں سے کھیلنے کی انتہائی شرمناک کارروائیاں نہ کی جائیں۔ الطاف حسین
قائدتحریک الطاف حسین کامستونگ میں انتخابی جلسہ میں خودکش دھماکے اور بنوں میں جے یوآئی کے قافلے میں دھماکے پراظہارمذمت
لندن ۔۔۔ 13 جولائی2018ء
متحدہ قومی موومنٹ کے قائدجناب الطاف حسین نے مستونگ میں انتخابی جلسے میں خودکش بم دھماکے اور بنوں میں جمعیت علمائے اسلام کے رہنمااکرم درانی کے قافلے پر بم حملے کی شدیدمذمت کی ہے اوران دونوں واقعات میں مجموعی طورپر 70سے زائد افراد کی شہادت پر دلی صدمہ اورافسوس کااظہارکیاہے ۔اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ دوروزقبل پشاورمیں ایک الیکشن کارنرمیٹنگ میں خودکش دھماکے میں عوامی نیشنل پارٹی کے رہنماہارون بلوراوردرجنوں معصوم شہریوں کو شہید کیاگیااورآج بنوں میں جے یوآئی کے رہنمااکرم درانی کے قافلے پربم سے حملہ کیاگیااورپھربلوچستان کے شہرمستونگ میں بلوچستان عوامی پارٹی کے انتخابی جلسہ میں خودکش دھماکہ کیاگیاجس میں سابق وزیراعلیٰ اسلم رئیسانی کے بھائی اورانتخابی امیدوار سراج رئیسانی سمیت 70سے افراد شہید ہوچکے ہیں اوردرجنوں افرادزخمی ہیں۔ جناب الطاف حسین نے کہاکہ ملٹری اسٹیبلشمنٹ اورآئی ایس آئی صرف عمران خان کی پارٹی تحریک انصاف کو جتوانے کے لئے دیگرسیاسی ومذہبی جماعتوں کے خلاف دھماکے کراکر شہریوں کا قتل عام کیوں کررہی ہے؟ اس سے بہترتویہ ہے کہ الیکشن کے بغیرہی تحریک انصاف کی کامیابی کااعلان کردیاجائے اور اپنے مذموم مقاصدکی تکمیل کے لئے بے گناہ شہریوں کی جانوں سے کھیلنے کی انتہائی شرمناک، گھناؤنی اور بزدلانہ کارروائیاں نہ کی جائیں۔ جناب الطاف حسین نے بنوں اورمستونگ میں ہونے والے دھماکوں میں شہید ہونے والے سراج رئیسانی سمیت تمام شہید ہونے والوں کے لواحقین سے دلی تعزیت کااظہارکرتے ہوئے کہاکہ میں اورایم کیوایم کے تمام کارکنان آپ کے غم میں برابرکے شریک ہیں۔ انہوں نے دعاکی کہ اللہ جاں بحق ہونے والے تمام افرادکواپنی جواررحمت میں جگہ دے ، سوگواروں کوصبرجمیل عطاکرے اورزخمیوں کوصحتیاب کرے۔
*****
|
2/22/2025 1:54:24 AM
|
|