نواسہ رسولؐ ، سیدالشہدا حضرت امام حسینؓ اوراہل بیت اطہار کی قربانی حق کی خاطرباطل قوتوں کے
سامنے ڈٹ جانے کانام ہے ۔الطاف حسین
سیدالشہدا حضرت امام حسینؓ صرف مسلمانوں کے لئے نہیں بلکہ دنیابھرمیں ظالموں،جابروں اور
باطل قوتوں کے خلاف حق کاعلم اٹھانے والے تمام حق پرستوں کیلئے مشعل راہ ہیں۔الطاف حسین
آج دنیا میں یزیدملعون کانام لینے والاکوئی نہیں ہے جبکہ پوری دنیامیں امام حسینؓ کے ماننے والے اورچاہنے والے موجودہیں
امام حسینؓ کاسرکٹ گیالیکن ان کانام زندہ ہے اوررہتی دنیاتک زندہ رہے گا۔ یوم عاشورکے موقع پر قائدتحریک الطاف حسین کاپیغام
متحدہ قومی موومنٹ کے بانی وقائدجناب الطاف حسین نے کہاہے کہ نواسہ رسولؐ ، سیدالشہدا حضرت امام حسینؓ اوراہل بیت اطہار کی قربانی حق کی خاطرباطل قوتوں کے سامنے ڈٹ جانے کانام ہے اورشہدائے کربلاکی یہ قربانی رہتی دنیاتک پوری انسانیت کے لئے مشعل راہ بنی رہے گی۔ یوم عاشورکے موقع پر اپنے پیغام میں جناب الطاف حسین نے کہاکہ حضرت امام حسینؓ اور اہل بیت نے میدان کربلامیں اپناسرکٹاناقبول کرلیا لیکن یزیدی فوج کے ظلم وجبر کے سامنے اپناسرجھکاناگوارانہیں کیا۔امام حسینؓ ،ان کے ساتھیوں اوراہل بیت میں شامل نوجوانوں، بزرگوں، معصوم بچوں اورپاک بیبیوں نے اپنے لہو سے عظیم قربانی کی جوداستان رقم کی ہے وہ پوری انسانیت کے لئے عزم واستقلال ، صبرواستقامت اورتسلیم ورضا کی ایسی مثال ہے جورہتی دنیاتک قائم رہے گی۔ جناب الطا ف حسین نے کہاکہ سیدالشہدا حضرت امام حسینؓ صرف مسلمانوں کے لئے نہیں بلکہ دنیابھرمیں ظالموں،جابروں اورباطل قوتوں کے خلاف حق کاعلم اٹھانے والے تمام حق پرستوں کیلئے مشعل راہ ہیں، امام حسینؓ پوری انسانیت کے لئے عزم وحوصلے کی لازوال مثال ہیں۔ جناب الطا ف حسین نے کہاکہ یہ حضرت امام حسینؓ کی فتح ہے کہ آج دنیا میں امام حسینؓ کاسرکاٹنے والے اوران کاسرکاٹنے کاحکم دینے والے یزیدملعون اورابن زیاد کانام لینے والاکوئی نہیں ہے جبکہ پوری دنیاکے کونے کونے میں امام حسینؓ کے ماننے والے اورچاہنے والے موجودہیں، امام حسینؓ کاسرکٹ گیالیکن ان کانام زندہ ہے اوررہتی دنیاتک زندہ رہے گا۔ جناب الطاف حسین نے دعاکی کہ اللہ تعالیٰ ہمیں بھی باطل قوتوں کے خلاف ڈٹے رہنے کے لئے امام حسینؓ اوراہل بیت کے نقش قدم پر چلنے کی توفیق عطافرمائے۔ آمین۔
*****