ایم کیوایم کا33 واں یوم تاسیس’’مہاجرڈے ‘‘ کے طورپر تنظیمی جوش وخروش سے منایاگیا
قائد تحریک الطاف حسین نے وڈیو لنک کے ذریعہ دنیا بھرمیں براہ راست خطاب کیا
قائد تحریک الطاف حسین اور لندن میں منعقدہ تقریب کے شرکاء نے کرتاپاجامہ زیب تن کررکھاتھا
متحدہ قومی موومنٹ برطانیہ کے تحت لندن میں ایم کیوایم کا33 واں یوم تاسیس’’مہاجرڈے ‘‘ کے طورپر تنظیمی جوش وخروش سے منایاگیا، اس سلسلے میں لندن کے علاقے ایجوئیرمیں واقع سنگم ہال میں سادہ مگر پروقار تقریب منعقد کی گئی جس سے بابائے مہاجرقوم قائد تحریک جناب الطاف حسین نے وڈیو لنک کے ذریعہ دنیا بھرمیں براہ راست خطاب کیا۔یوم تاسیس کی تقریب کے سلسلے میں پنڈال کو مختلف بینرز اورایم کیوایم کے پرچموں سے سجایاگیا تھا، اسٹیج کے عقب میں ایک بڑی اسکرین لگائی گئی تھی جس پر ایم کیوایم کے 33ویں یوم تاسیس کے الفاظ جلی حروف میں لکھے گئے تھے ۔ تقریب میں ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے اراکین کے علاوہ ایم کیوایم انٹرنیشنل سیکریٹریٹ کے ارکان،شعبہ خواتین کی ذمہ داران وکارکنا، برطانیہ کی آرگنائزنگ کمیٹی کے اراکین، برطانیہ کے مختلف یونٹوں کے ذمہ داران وکارکنان، ہمدردپاکستانیوں اورانکے اہل خانہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔ تقریب کے مرد شرکاء نے کرتاپاجامہ زیب تن کررکھاتھا جبکہ بعض خواتین اوربچوں نے ایم کیوایم کے پرچم کے رنگوں کی چوڑیاں اوردوپٹے اوڑھ رکھے تھے ۔ پنڈال میں ایم کیوایم کے ترانوں کی گونج پر زبردست جوش وخروش دیکھنے میں آیا۔ ایم کیوایم کے پرجوش کارکنان وقفے وقفے سے فلک شگاف نعرے لگاتے رہے اورجناب الطاف حسین سے اپنی والہانہ عقیدت ومحبت کااظہارکرتے رہے ۔ تقریب سے بابائے مہاجرقوم جناب الطاف حسین نے وڈیو لنک کے ذریعہ براہ راست خطاب کیا۔جناب الطاف حسین کا خطاب ایک پروجیکٹر کی مدد سے دکھایاگیا۔ تقریب سے رابطہ کمیٹی کے کنوینر ندیم نصرت ،رابطہ کمیٹی کے اراکین مصطفی عزیزآبادی، ڈاکٹر ندیم احسان اورقاسم علی رضا کے علاوہ دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔ تقریب میں رابطہ کمیٹی کے کنوینرندیم نصرت نے جناب الطاف حسین کو بابائے مہاجرقوم کا خطاب دینے کی قرارداد پیش کی جسے متفقہ طورپر منظورکرلیا گیاجبکہ ندیم نصرت نے دنیابھرمیں مقیم کارکنان سے عہدوفا کی تجدید بھی کی۔ ٹھیک شام 7بجکر 20 منٹ پر قائد تحریک جناب الطاف حسین نے وڈیو لنک کے ذریعہ خطاب کا آغاز کیا۔ اس موقع پر جناب الطاف حسین کرتا پاجامہ اورواسکٹ میں ملبوس تھے جبکہ انہوں نے کریم کلر کی چادر بھی اوڑھ رکھی تھی ۔