دنیا ٹی وی کے اینکرپرسن کامران خان کی قائد تحریک الطاف حسین کے خلاف ہرزہ سرائی پر متحدہ قومی موومنٹ کا ردعمل
|
Posted on: 11/3/2016
|
دنیا ٹی وی کے اینکرپرسن کامران خان کی قائد تحریک الطاف حسین کے خلاف ہرزہ سرائی پر متحدہ قومی موومنٹ کا ردعمل
سیاسی تجزیہ نگارواینکرپرسن دنیا ٹی وی
کامران خان صاحب!
مورخہ 2 ، نومبر2016ء کو دنیا ٹی وی میں نشر ہونے والے پروگرام ’’دنیاکامران خان کے ساتھ ‘‘ میں آپ نے پاکستان اورکراچی کی سیاسی صورتحال پر تجزیہ پیش کرتے ہوئے صحافتی اقدار کو پامال کیا اور صحافتی بددیانتی کامظاہرہ کرتے ہوئے قائد تحریک جناب الطاف حسین پر بہتان تراشی کرتے ہوئے کہاہے کہ :
’’ریاست پاکستان کا یہ عزم ہے کہ وہ جماعت اور جو لوگ ایم کیوایم الطاف حسین کی نمائندگی کریں گے وہ پاکستان کی ریاست کے لئے قابل قبول نہیں ہوں گے ۔ الطاف حسین ہرروز بلاتفریق پاکستان کے خلاف ، پاکستان کی ریاست کے خلاف اپنے وڈیو بیانات جاری کررہے ہیں ، پاکستان کے قومی اداروں کے خلاف بھرپورہرزہ سرائی کررہے ہیں ، گالم گلوچ پر اترے ہوئے ہیں ۔ ان کا یہ عمل ان کے وجود کو پاکستان میں ، کراچی میں تحلیل کرچکا ہے‘‘
کامران خان صاحب!
آپ کا یہ تجزیہ قطعی بے بنیاد ، جھوٹا ، لغو اورسراسر بہتان تراشی ہے ۔متحدہ قومی موومنٹ اس کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتی ہے اور آپ کے جانبدارانہ اورمتعصبانہ تجزیہ کو صحافتی اقدار کے قطعی منافقی قراردیتی ہے ۔
ریکارڈ کی درستگی کیلئے آپ کی خدمت میں عرض ہے کہ مورخہ 22 ، اگست کی صورتحال پر قائد تحریک جناب الطاف حسین نے اسی دن اپنی غلطی کو فراخدلی سے تسلیم کیا اورپوری قوم سے دومرتبہ معذرت کرچکے ہیں ۔
ہرروز بلاتفریق پاکستان کی ریاست کے خلاف وڈیو بیانات کی بات قطعی گمراہ کن ، بے بنیاد اور حقائق کے برعکس ہے ۔ آپ کی معلومات کیلئے حالیہ دنوں میں جاری کیے گئے جناب الطاف حسین کے چند بیانات کا ذکر کرنا ضروری ہے تاکہ آپ کو اندازہ ہوسکے کہ آپ نے اپنے تجزیہ میں کس طرح صحافتی بددیانتی کاثبوت دیا ہے ۔
* مورخہ 13اکتوبر2016ء کو قائد تحریک الطاف حسین نے اپنے خطاب میں کہاہے کہ میں پاکستان کو بچانا چاہتا ہوں ، میں چھوٹی قومیتوں کو ان کے حقوق دلاناچاہتا ہوں۔ اس خطاب کے آخر میں قائد تحریک الطاف حسین نے پاکستان زندہ باد کا نعرہ بھی لگایا
* مورخہ 31، اکتوبر2016ء کو ٹیگ ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے جناب الطاف حسین نے کہاہے کہ ملک کی ترقی کیلئے روشن خیال اور لبرل سوچ کو فروغ دینا ہوگا، روشن پاکستان کیلئے جہالت کے اندھیروں سے نکلنا ہوگا۔
* مورخہ یکم نومبر 2016ء کو جناب الطاف حسین نے بیان دیا ہے کہ میں تمام ترریاستی مظالم اور جبروستم کے باوجود پاکستان کوبچانا چاہتا ہوں اور اسے مضبوط ومستحکم دیکھنا چاہتا ہوں۔
افسوس کہ آپ نے پاکستان کیلئے مثبت خیالات پر مبنی جناب الطاف حسین کے بیانات کا کوئی تذکرہ نہیں کیا اور عوام الناس کو گمراہ کرکے صحافتی آداب کی خلاف ورزی کی ہے جوکہ سراسر غیرقانونی، غیرآئینی ،غیراخلاقی اورغیرانسانی عمل ہے ۔ اگرآپ نے اپنے آئندہ پروگرام میں جناب الطاف حسین کے خلاف بہتان تراشی کی وضاحت نہیں کی اورصحافتی اقدار کی خلاف ورزی پر معذرت نہ کی تو متحدہ قومی موومنٹ آپ کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا حق رکھتی ہے ۔
شعبہ اطلاعات
متحدہ قومی موومنٹ
3،نومبر2016ء
|
2/21/2025 9:28:15 PM
|
|