قائد تحریک الطاف حسین بھائی کا پیغام
عزیز تحریکی ساتھیو!
السلام علیکم
تحریک کے ابتدائی ایام سے ہی میں ، فکری نشستوں میں تحریکی ساتھیوں کی فکری اور نظریاتی بنیادوں پر تربیت کرتا رہا ہوں اور انہیں فکری اورنظریاتی بنیادوں پر مضبوط بنانے کیلئے فکری ونظریاتی غذائیں فراہم کرتا رہا ہوں۔ میں نے کبھی تحریکی ساتھیوں کو دھوکے میں نہیں رکھا۔۔۔کبھی سبز باغ نہیں دکھائے بلکہ ہمیشہ باربار یہی بات دہرائی ہے کہ حقوق کی جدوجہد پھولوں کی سیج نہیں ہوتی بلکہ کانٹوں کی باڑ ہوگی ، حق پرستی کا راستہ بہت کٹھن اور دشوار گزارہوتا ہے اور اس راستہ پرچلنے والوں کے پیر زخمی ہوجاتے ہیں۔۔۔آپ کو یاد ہے نا۔۔۔؟
تحریکی ساتھیو!
تحریکوں میں سخت ، مشکل اورآزمائش کے مراحل آتے رہتے ہیں۔۔۔نشیب وفراز آتے ہی رہتے ہیں ۔۔۔حقوق کی جدوجہد کرنے والوں کو قیدوبند کی صعوبتیں برداشت کرنی پڑتی ہیں۔۔۔جنگل بیابانوں میں جاناپڑتا ہے ۔۔۔روپوش ہونا پڑتا ہے اور ہرانقلابی ساتھی کی کوشش یہ ہوتی ہے کہ وہ اپنے آپ کو بچاتے ہوئے نہ صرف حالات کے جبر کا ثابت قدمی سے سامنا کرے بلکہ جہاں موقع ملے تحریک کا پیغام بھی پھیلاتارہے ۔۔۔دوچار لفظ بولنے کا جب بھی موقع ملے بول کر تحریک کو آگے بڑھانے کا کام جاری رکھے ۔۔۔اس سخت اور کٹھن حالات میں تحریک کے سچے اور مخلص ساتھیوں کو متحد رکھنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ ہم سینہ گزٹ کے ذریعہ حق پرستی کے پیغام کو عام کرتے رہیں ۔
دوسری بات ۔۔۔اللہ تعالیٰ کے کرم سے جن ساتھیوں کی معاشی پوزیشن مستحکم ہے وہ تحریک کا کام جاری رکھنے کیلئے دنیا میں ایسے علاقے تلاش کریں جہاں وہ آسانی سے ویزہ حاصل کرکے جاسکتے ہوں اور سادگی سے دال روٹی کھاکر تحریک بھی چلاسکتے ہوں کیونکہ انہیں وہاں رہتے ہوئے انہیں گرفتاری کاکوئی خطرہ نہیں ہوگا۔
مجھے امید ہے کہ میری اپیل پر میرے ساتھی خود بھی غور کریں گے اور دوسرے بااعتماد ساتھیوں کے ساتھ ملکر ڈسکس بھی کریں گے۔
اللہ آپ کا ، ہم سب کا او ر تحریک کا حامی وناصر ہو
آپ کا بھائی
الطاف حسین