لیاقت آباد میں امام بارگاہ درعباس میں خواتین کی مجلس پر دستی بم حملہ کھلی دہشت گردی ہے۔ الطاف حسین
دھماکے میں شہیدہونے والے بچے کے لواحقین سے اظہارتعزیت ، زخمیوں کی جلدصحتیابی کے لئے دعا
پاکستان کے مختلف شہروں میں فرقہ وارانہ دہشت گردی کرنے والی کالعدم تنظیمیں سرگرم ہیں
کراچی میں امام بارگاہ پر ہونے والایہ دستی بم حملہ بھی ایسی ہی کسی کالعدم تنظیم کی کارروائی لگتی ہے ۔ الطا ف حسین
عوام آپس میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی برقراررکھیں اورپرامن رہ کرفساد کی سازش ناکام بنادیں۔ الطاف حسین
لندن۔۔۔ 17 اکتوبر 2016ء
متحدہ قومی موومنٹ کے قائدجناب الطاف حسین نے لیاقت آباد میں امام بارگاہ درعباس میں خواتین کی مجلس پر دستی بم سے حملے کی شدیدالفاظ میں مذمت کی ہے اوراسے کھلی دہشت گردی قراردیاہے۔انہوں نے واقعہ میں ایک بچے کے جاں بحق اورخواتین اوربچوں سمیت کئی افرادکے زخمی ہونے پر دلی صدمہ کا اظہارکیاہے۔اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ پاکستان کے مختلف شہروں میں فرقہ وارانہ دہشت گردی کرنے والی کالعدم تنظیمیں سرگرم ہیں اورکھلے عام کارروائیاں کررہی ہیں لیکن ان کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی جاتی اسلئے کہ انہیں اسٹیبلشمنٹ کے بعض عناصر کی حمایت حاصل ہے، کراچی میں امام بارگاہ پر ہونے والایہ دستی بم حملہ بھی ایسی ہی کسی کالعدم تنظیم کی کارروائی لگتی ہے ۔ جناب الطا ف حسین نے دھماکے میں شہیدہونے والے بچے کے لواحقین سے دلی تعزیت کااظہارکیا۔ انہوں نے زخمیوں کی بھی جلدصحتیابی کیلئے دعاکی ۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ آپس میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی برقراررکھیں اورپرامن رہ کرفساد کی سازش ناکام بنادیں۔