قائداعظم محمدعلی جناح تمام مذہبی اقلیتوں کیلئے پاکستان میں مساوی حقوق چاہتے تھے۔ ندیم نصرت
قائداعظم نے 11 اگست 1947ء کو دستور ساز اسمبلی سے اپنے پالیسی خطاب میں پاکستان کے خدوخال بیان کردیئے تھے
تمام مذاہب کے ماننے والوں کو مساوی حقوق دے کر ہی پاکستان کو قائداعظم کے خوابوں کے مطابق بنایا جاسکتا ہے
تمام مذاہب کے ماننے والوں کو زندگی کے ہرشعبہ میں مساوی حقوق دیئے جائیں، سب کے ساتھ یکساں سلوک کیا جائے۔ ندیم نصرت
ایم کیوایم مساوی حقوق کی جدوجہد میں تمام مذہبی اقلیتوں کے ساتھ ہے۔ اقلیتوں کے قومی دن کے موقع پر بیان
لندن ۔۔۔ 10 اگست 2016ء
متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کے کنوینرندیم نصرت نے کہاہے کہ بانیء پاکستان قائداعظم محمدعلی جناح تمام مذہبی اقلیتوں کیلئے پاکستان میں مساوی حقوق چاہتے تھے اورتمام مذاہب کے ماننے والوں کومساوی حقوق دے کرہی پاکستان کوقائداعظم کے خوابوں کے مطابق بنایا جاسکتا ہے۔ اقلیتوں کے قومی دن کے موقع پر اپنے ایک بیان میں ندیم نصرت نے کہاکہ قائداعظم محمدعلی جناح نے 11 اگست 1947ء کو پاکستان کی دستورسازاسمبلی سے اپنے پالیسی خطاب میں پاکستان کے خدوخال بیان کردیئے تھے اور واضح الفاظ میں کہاتھا کہ ’’ اب پاکستان بن گیاہے، مسلمان آزادہے کہ وہ مسجدمیں جائے، ہندو آزاد ہے کہ وہ مندرمیں جائے ، عیسائی آزادہے کہ وہ گرجا میں جائے ،مذہب کا ریاست کے امور سے کوئی تعلق نہیں ہوگا ‘‘ ۔ ندیم نصرت نے کہاکہ بدقسمتی سے قائداعظم کی وفات اورملک کے پہلے وزیراعظم خان لیاقت علی خان کے بہیمانہ قتل کے بعد ملک پر ایسے عناصر نے قبضہ کرلیاجنہوں نے پاکستان میں مذہبی انتہاپسندی کے ایسے بیج بوئے جو آج ایک تناوردرخت بن چکاہے اورجس کی جڑیں پورے ملک میں پھیل چکی ہیں۔ اس کانتیجہ ہے کہ آج پاکستان میں مذہبی اقلیتوں میں عدم تحفظ کااحساس پایاجاتاہے۔ ندیم نصرت نے کہاکہ قائداعظم نے 11اگست 1947ء کو اپنی تاریخی تقریر میں جیسے پاکستان کاخواب دیکھاتھااس کی تعبیر کیلئے ضروری ہے کہ پاکستان میں آبادتمام مذاہب کے ماننے والے پاکستانیوں کوزندگی کے ہرشعبہ میں مساوی حقوق دیئے جائیں اور سب کے ساتھ یکساں سلوک کیاجائے ۔ ندیم نصرت نے تمام مذہبی اقلیتوں کویقین دلایاکہ ایم کیوایم مساوی حقوق کی جدوجہدمیں ان کے ساتھ ہے ۔